سوات میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں کے اوسان خطا کردئیے۔ افطاری ،نماز تراویح اور سحری کے مخصوص اوقات میں بجلی کی بندش نے مشکلات میں اضافہ کردیا۔واپڈا حکام صورت حال پر خاموش تماشائی ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مرکزی شہر مینگورہ اور ملحقہ علاقوں میں بدترین بجلی بندش کی وجہ سے بعض علاقوں میں پانی کی قلت کی شکایات بھی موصول ہونے لگی ہیں۔ عوامی حلقوں کا صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ، سوات میں واپڈا حکام کی نااہلی کے باعث بجلی لوڈشیڈنگ نے صارفین اور کاروبار سے وابستہ افراد کا ناک میں دم کررکھا ہے۔ گھنٹوں گھنٹوں بجلی بندش کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں جبکہ نمازوں کے اوقات میں بجلی نہ ہونے سے عبادت گزاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے اس کے علاوہ سوا ت کی دونوں اسپتالوں میں بھی ناروالوڈشیڈنگ سے وارڈز میں پڑے مریضوں اور ان کے لواحقین کا بھی گرمی کے مارے برا حال ہے جس پر عوامی حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوات سے بروقت بلوں کی ادائیگی کے باؤجود ناروا بجلی لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ سمجھ سے باہر ہے اس کے علاوہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ اور مخصوص اوقات میں بجلی بالکل بند نہیں کی جائے گی کے باؤجود سوات میں ناروا لوڈشیڈنگ اور سحری وافطاری اور نماز تراویح کے دوران بجلی کی بندش سمجھ سے باہر اور افسوس نا ک ہے صورت حال پر عوامی حلقوں نے ذمہ داروں سے ناروا لوڈشیڈنگ فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوات میں بجلی کی آنکھ مچھولی،گھریلوں اور کاروباری صارفین رل گئے
