مینگورہ:جنگلات ہماراقومی اثاثہ ہے جن کاتحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،جنگلات کو آگ سے بچانااوردرختوں کی حفاظت کرناہمارے فرائض میں شامل ہے،اگ لگنے کی صورت میں عوام نہ صرف فوری طور پر محکمہ کو اطلاع دیں بلکہ آگ بجھانے کیلئے امدادی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،ان خیالات کااظہاررینج فارسٹ آفیسر قاضی شبیر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ اپریل سے جون تک شادی بیاہ ودیگر تقریبات میں آتشبازی سے مکمل اجتناب جبکہ جنگلات اور ان سے ملحقہ رقبہ جات میں غیر ضروری تیلی جلانے اورسگریٹ لانے سے مکمل گریز کیاجائے،انہوں نے کہاکہ معمولی غفلت یا غلطی سے جنگلات جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوجاتے ہیں حالانکہ یہ وہ قومی دولت واثاثہ ہے جو نہ صرف علاقے کی خوبصورتی کو چار چاند لگاتے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور خاتمے میں پھرپورکرداربھی ادا کرتے ہیں،جنگلات کی اہمیت اور افادیت سے کسی بھی صورت انکار نہیں کیا جاسکتا لہٰذہ ان کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتنی چاہئیے،انہوں نے کہاکہ جنگلات قومی اثاثہ ہے جن کے تحفظ کیلئے عوام کا تعاؤن بھرپور معاون ثابت ہوسکتاہے۔