سوات(مارننگ پوسٹ)سوات کے بیرون ملک ملازمت کرنے والے افراد کے لئے بڑی خبر آگئی ۔بیوروآف ایمگریشن اینڈاوورسیز ایمپلائمنٹ نے سوات میں پروٹیکٹریٹ آف ایمیگرنٹس (پروٹیکٹرآفس )قائم کرنے کی حتمی منظوری دینے کے بعد فنانس ڈویژن نے بھی منظوری دیدی ۔اس دفتر کا قیام بہت جلد سوات میں کیاجائے گا جس سے سوات ،بونیر ،شانگلہ اور کوہستان کے 60 ہزار کے قریب سمندرپار پاکستانی استفادہ حاصل کرسکیں گے۔سوات کے سینئر پروموٹراکرام اللہ خان نے بتایا کہ منسٹری آف ہومن ریسورسیز اور اووسیز پاکستانیز کی جانب سے پروٹیکٹر آفس کاقیام حکومت کا دانشمندانہ اقدام ہے ۔ اس دفتر کے قیام سے ہرسال بیرون ملک جانے والے سوات،بونیر ،شانگلہ اور کوہستان کے60 ہزار سے زائدایمپلائزکو اپنی دہلیز پر سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ اسی طرح اس سے پاکستانی خزانے کو بھی سالانہ کروڑوں روپے کی آمدنی حاصل ہوگی۔اکرام اللہ خان نے بتایا کہ پاکستان اوورسیزایمپلائمنٹس پروموٹرزایسوسی ایشن کے مرکزی صدر رحمت علی شاہ اور کابینہ کی شب روز کی کوششیں بارآورثابت ہوئی ہیں اور اب سمندرپارپاکستانیوں کی بیرون ملک ملازمتوں کے لئے بھی نئی راہیں کھلیں گی۔ پروٹیکٹر آفس کے قیام سے سوات ائرپورٹ کی بحالی اور اسے بین الاقوامی ائرپورٹ کی درجہ دینے کی راہیں بھی کھل جائیں گے۔ جس سے ہزاروں سمندرپارپاکستانیوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی ۔