سوات (مارننگ پوسٹ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے احتساب عدالت کے فیصلہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے کہا ہے کہ وہ دو رکعت نفل ادا کرکے اللہ کا شکر ادا کریں کہ آج ملک میں پہلی بار بڑے چور وں کو سزا ہوئی ہے ۔ کبل گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستانی سیاست میں خرید و فروخت شروع کی اور سیاست میں کرپشن کا آغاز ،کیا جو آج سیاست میں کینسر کی طرح پھیل گیا ہے ۔نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے کرپشن کرکے ملک کے تمام اداروں کو تباہ کیا اور اربوں روپے کرپشن کرکے پاکستان سے باہر منتقل کئے ،جس کی وجہ سے اب پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے۔ احتساب عدالت کے فیصلے پر انہوں نے کہا کہ یہ شروعات ہے اور 26جولائی کے بعد تمام بڑے چور اسمبلیوں کی بجائے جیلوں میں ہو ں گے ۔ 26جولائی کو پاکستان میں نئے پاکستان کا سورج طلوع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں نے مجھے صادق و امین قرار دیا ہے ۔ نواز شریف نے اپنی چوری بچانے کے لئے عدلیہ اور فوج پر حملے کئے اور بیرونی لابی کو خوش کرنے اور اپنے پیسے بچانے کے لئے بمبئی حملوں کی ذمہ داری ہماری فوج پر ڈال دی ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواکا سالانہ ترقیاتی بجٹ 110ارب روپے ہے اور شریف برادران نے 40ارب روپے صرف اشتہارات پر خر چ کئے ۔ خیبر پختون خوا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا ایک وزیر چور تھا جس کو ہم نے جیل بھیجا تھا اور اب وہ اپنی اصل پارٹی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگیا ہے ۔ ہم نے خیبر پختون خوا میں تعلیم کا نظام بہتر کیا اور آج پورے پاکستان میں سب سے بہتر تعلیمی نظام خیبر پختون خوا کا ہے ۔اس صوبے میں چھ ہزار ڈاکٹر بھرتی کئے ۔ صحت کے نظام کے ساتھ پولیس کو غیر سیاسی کیا اور ایک ارب 18کروڑ درخت لگائے ۔ خیبر پختون خوامیں سب سے بہتر بلدیاتی نظام لے کر آئے اور اب تمام صوبوں میں یہ نظام لائیں گے۔ ملاکنڈ ڈویژن میں ’’پاٹا‘‘ کی خصوصی حیثیت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم ملاکنڈ کے عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے ۔ سوات ایکسپریس وے کی تعمیر سے یہاں سیاحت میں اضافہ اور کاروبار بہتر ہو جائے گا ۔