سوات (مارننگ پوسٹ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صوبائی صدرانجینئرامیرمقام نے کہا ہے کہ سوات کے عوام نے عمران خان کو مسترد کر دیا۔ عمران نیازی بتائیں کہ سوات سے سو فیصد مینڈیٹ کے باوجود یہاں کے عوام کیلئے کیا کیاہے؟ اور تو اور سوات سے 9 منتخب نمائندوں کے باوجود سوات سے سینٹ کا ٹکٹ بھی کسی کو نہیں دیا گیا ۔ عمران نیازی کا وزیراعظم بننے کا خواب شیخ چلیوں سے کم نہیں ۔کبل گراؤنڈ کا جلسہ فلاپ شو کے سوا کچھ نہیں تھا ۔آٹھ ہزار کرسیاں لگا کر اسے ملاکنڈ ، بونیر اور شانگلہ سے آئے ہوئے لوگ بھی پُرنہ کر سکے ۔ سواتی عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دفعہ سوات کی ترقی و خوشحالی کو ووٹ دینگے۔گذشتہ ادوار میں یہاں کے عوام کو مکمل طور پر نظر انداز رکھا گیا ۔ ن لیگ صوبے میں برسراقتدار آ کر عوامی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات کے علاقوں مٹہ ، تیرات اور سخرہ میں بڑے شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی سے سیکڑوں خاندان مستعفی ہوئے اور پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ۔