قدرتی حسن، فصلوں اور میٹھے پھلوں کے لئے مشہور سوات کے آلوچے کی پیدوار تیار ہوکر ملک بھر کی منڈیوں میں ترسیل ہورہے ہیں۔ اس وقت سوات میں آڑو کی پیدوار کے ساتھ آلوچے کی پیدوار بھی تیار ہے۔ سوات میں کئی اقسام کے آلوچے پیدا ہوتے ہیں لیکن ان میں ”ریڈ بیوٹی“ نامی آلوچہ ملک بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ پھلوں کے گھر سوات کے مختلف علاقوں میں لذت بھرے آلوچے کے باغات لگ گئے ہیں۔ان باغوں میں آلوچوں کو درختوں سے توڑ کر پیٹیوں میں پیک کیا جاتا ہے اور پشاور سے کراچی تک کی منڈیوں میں سپلائی کیا جاتا ہے۔ آڑو کے مقابلے میں آلوچے کی عمر زیادہ ہوتی ہے اور سوات کا آلوچہ بیس سے تیس دنوں تک خراب نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے سوات کا آلوچہ ملک کے کونے کونے میں پہنچ جاتا ہے۔ہر سال ان باغات سے پانچ ہزار ٹن سے زیادہ آلوچہ کی پیدوار ہوتی ہے۔سوات میں مختلف اقسام کا آلوچہ پیدا ہوتا ہے جن میں ریڈ بیوٹی، فضل منانی، لیٹ فضل منانی، آلو بخارا کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ ملک میں سوات کے آلوچے میں سب سے زیادہ ”ریڈ بیوٹی“ کو پسند کیا جاتا ہے جس کا سائز بڑا ہوتا ہے اور یہ اندر سے مکمل سرخ اور میٹھا ہونے کے ساتھ اس میں رس زیادہ ہوتا ہے۔آلو بخارا کے چھوٹے سائز اور زیادہ میٹھاس کی وجہ سے مقامی لوگ آلو بخاری نامی آلوچہ کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔آلوچے کی پیدوار میں اضافہ اور منافع بخش ہونے کی وجہ سے سوات میں آلوچے کے باغات میں اضافہ ہورہا ہے۔ سوات کے آلوچے کے زمینداروں کو منڈیوں میں پچھلے کئی سالوں سے زیادہ قیمت ملنے کے بعد اب آڑو کے ساتھ ساتھ آلوچے کے باغات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
سوات کے ذائقہ دار رسیلے آلوچے پک کر تیار ،خصوصی رپورٹ
