سوات:سیدو شریف میں قبرستان قبضہ مافیا نے اپنے خلاف احتجاج کرنے والے سماجی کارکن کو بھرے بازار میں ہاکی سٹکسے مار مار کر شدید زخمی کردیا۔ اہلِ سیدو شریف نے واقع احتجاج کیا اور کئی گھنٹوں تک سیدو شریف، مینگورہ شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ اسجاد خان نے ہسپتال میں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایم پی اے فضل حکیم کی سربراہی میں قبضہ مافیا نے سیدو شریف قبرستان پر قبضہ کر رکھا ہے۔ قبضہ گروپ کے خلاف اہلِ سیدو شریف نے سیدو شریف مرکزی کونسل بنا رکھا ہے، جس کا میں فنانس سیکرٹری ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیکل ریپریزنٹیٹو ہوں۔جمعرات کی صبح ڈیوٹی کے لئے صبح دس بجے خوازہ خیلہ جارہا تھا کہ مکان باغ مینگورہ میں دو گاڑیوں میں سوار زاہد خان باز خان، یوسف، آصف، بہرام، انیس، سرنزیب، وقاص اور سہیل نے پہلے گاڑی سے ٹکر مار کر مجھے گرایا اور پھر تمام افراد نے ہاکی سٹک سے مجھ پر حملہ کردیا جس سے میرے جسم کی بیشتر ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قبضہ مافیا کا سربراہ مینگوہ کا ایم پی اے فضل حکیم ہے۔واقع کی خبر کے بعد اہلِ سیدو شریف گھروں سے نکلے اور احتجاج کیا، جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی۔ مینگورہ پولیس کے مطابق8ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔