سوات میں تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب نے تباہی مچادی۔ 8افراد پانی میں بہہ کر جاں بحق، سیکڑوں کی تعداد میں ہوٹل، پل، مکانات، سکول، مساجد پانی اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔ گذشتہ روز مینگورہ شہر میں ندی میں آنے والے سیلابی ریلے کی تباہی کے بعد سوات میں بارش کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ جمعرات کی رات سے دریائے سوات میں پانی کی سطح بلند ہوتی گئی۔ جمعہ کی صبح سے دریائے سوات میں سیلابی ریلے نے کالام، بحرین، مدین، جرے، قندیل، مٹہ،مینگورہ سے بریکوٹ تک دریائے سوات کے کنارے ہوٹلوں، مساجد، دکانوں، مکانات، ریسٹورنٹ وغیرہ کا صفایا کردیا۔ درشخیلہ، اغل، کالاکوٹ، چمن لالئی اور چاتیکل کے مقام پر8افراد کی لاشیں دریائے سوات سے ملی ہیں۔ بحرین اور مدین کے مقام پر سیلابی ریلہ سڑکوں کے کچھ حصوں کو بھی اپنے ساتھ بہا کر لے گیا، جس کی وجہ سے مدین، بحرین اور کالام کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ سیلابی ریلہ اپنے ساتھ بجلی کے کھمبوں کو بھی بہا کر لے گیا جس کی وجہ سے مینگورہ شہر سمیت سوات کے بیشتر علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔ کالام اور بحرین میں پھنس جانے والے سیاحوں کے لئے مقامی ہوٹلوں کی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ راستے بحال ہونے تک مہمانوں سے کمروں کا کرایہ لیا جائیگا اور نہ کھانے پینے کا بل۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر سوات میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ محکمہئ ریلیف نے ایمرجنسی کے نفاذ کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا۔سوات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے 30 اگست تک ایمرجنسی نافذ العمل رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو کھانے پینے سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انتظامیہ ہر متاثرہ شخص تک رسائی کو یقینی بنائے۔ متاثرہ خاندانوں کے تمام نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے تمام سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب زدگان سے ملاقات کی۔ سوات یونیورسٹی نے آج 27 اگست کو ہونے والے بی اے، بی ایس سی، بی بی اے، بی کام کے سالانہ امتحانات کے پرچے منسوخ کر دئے۔ ریسکیو1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر شیر دل خان کے مطابق ان کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں سیکڑوں افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ آخری اطلاعات تک دریائے سوات میں پانی کا بہاو کم تھا۔ محکمہئ موسمیات کے مطابق آج ہفتہ سے سوات میں بارش کا سلسلہ تھم جانے کا امکان ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کے مطابق تمام علاقوں میں امدادی سرگر میوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سوات: تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب نے تباہی مچادی.8 افرادجاں بحق،ہوٹلز،مکانات،سکولز بہا لے گیا
