نو تعینات کمشنر ملاکنڈڈویژن امجد علی خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن بہادر اور مہمان نواز لوگوں کی سرزمین ہے۔ یہاں کے عوام نے قیامِ امن کے لئے بڑی قربانی دی ہے، جس کی وجہ سے آج یہاں امن قائم ہے۔ اپنے دفتر میں چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں تعینات تمام افسر وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری کے وِژن کے مطابق عوام کی خدمت کریں گے۔ تمام افسران کے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کو خدا نے قدرتی حسن سے نوازا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ یہاں سیاحت کی ترقی کے لئے مزید کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ زرعی علاقہ ہے اور یہاں کے زمینداروں کو جدید طور طریقوں سے آگاہ کیا جائیگا، تاکہ ان کی پیدوار میں اضافہ ہو۔ امن و امان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں بہت قربانیوں کے بعدامن قائم ہوا ہے۔ اس کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت عوام کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ اس سے پہلے اپنے دفتر پہنچنے پر ان کو لیویز نے سلامی دی۔