فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) ساجد بشیر کو رہائشی کا بجلی کا میٹر غیر قانونی طور پر اتارنے پر ایک ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔ سول جج عمر حیات جواد کی جانب سے جاری کیے گئے عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزم ساجد بشیر عدالتی حکم کی جان بوجھ کر نافرمانی پر ایک ماہ قید کی سزا بھگتیں گے۔
20 جون 2025 کے عدالتی حکم کی نافرمانی کرنے پر یہ سزا کیس کے عنوان“نثار احمد بمقابلہ چیف ایگزیکٹو فیسکو”میں جاری کی گئی۔ایس ایچ او پیر محل تھانے کو ایس ڈی او کو گرفتار کر کے فوری عدالت میں پیش کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ پیر محل میں سول جج نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کا میٹر مالک مکان کی ملکیت ہوتا ہے۔
اس مقدمے میں واپڈا کے ایس ڈی او کو بجلی کا میٹر اتارنے کے الزام میں قصوروار قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ میٹر اتارنے کا اقدام غیر قانونی تھا اور یہ اقدام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔