ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور،سوات اور دیرلوئر میں واپڈا ملازمین سٹاف کی کمی پر سراپا احتجاج ہیں، اس حوالے سے پشاور کے واپڈا ہاوس میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں ریلی نکالی اور نعرہ بازی کی، احتجاج میں پشاور سمیت دیگر علاقوں سے واپڈا ملازمین نے شرکت کی۔
مظاہرین نے واپڈا میں مستقل بھرتیوں کا مطالبہ کرنے سمیت کہا کہ ورکرز کیلیے ترجیحی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کیے جائے، واپڈا ہائڈرو یونین کی کال پر مکمل قلم چھوڑ ہڑتال بھی کی گئی ہے۔
ادھرضلع سوات سمیت ضلع لوئر دیر میں تمام واپڈا دفاتر میں کام بند ہے، جبکہ ملازمین کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا گیا، ملازمین کی جانب سے فیلڈ سٹاف کی کمی، اضافی ڈیوٹیوں کے خلاف مظاہرہ اور واپڈا کمپلیکس کے سامنے دھرنا دیا جا رہا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ 70فیصد عملے کی کمی کی وجہ سے موجودہ سٹاف پر اضافی بوجھ بڑھ رہا ہے، جبکہ تربیت نہ ہونے سے حادثات بڑھ رہے ہیں، میٹر ریڈر کی خالی آسامیوں سے میٹر ریڈنگ متاثر ہو رہی ہے، فوری طور پر نئی بھرتی یقینی بنائی جائے۔