ویب ڈیسک: چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کا پشاور میں یومِ آزادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے جشنِ آزادی تک خیبرپختونخوا کے تمام علاقوں میں امن بحال ہوگا۔
سول سیکرٹریٹ میں پروقار تقریب کے موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں پوری قوم کو یومِ آزادی مبارک باد پیش کی، اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہفتۂ جشنِ پاکستان بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا، تمام اداروں نے تقریبات اور انتظامات میں بھرپور حصہ لیا۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ بہترین انتظامات پر اداروں کو شاباش دیتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ آزادی آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں سے حاصل کی گئی ہے، ادارے پوری جانفشانی سے خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی و ضم اضلاع میں امن و امان کا چیلنج ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
شہاب علی شاہ نے بتایا کہ حکومت متاثرہ افراد کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کیلئے مصروف عمل ہے، عوام کا تعاون امن و امان کی بحالی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے، عوامی سپورٹ سے علاقوں میں حالات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں، اگلے جشنِ آزادی تک خیبرپختونخوا کے تمام علاقوں میں امن بحال ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت نے میگا ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے، گڈ گورننس روڈ میپ پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، وزیراعلیٰ نے ایک اور میگا منصوبے کا اعلان کیا ہے، اگلے ماہ صوبے میں ملک کا سب سے بڑا صفائی منصوبہ جاری ہوگا، صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ویلج کونسل سطح پر صفائی مہم شروع کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی جلد کلین ڈرنکنگ واٹر فار آل پروگرام کا آغاز کریں گے، شہریوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کا یہ دوسرا میگا منصوبہ ہوگا، سابقہ واٹر سکیموں کی بحالی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
اگلے جشنِ آزادی2026 تک خیبرپختونخوا کے تمام علاقوں میں امن بحال ہوگا۔چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ
