سوات(مارننگ پوسٹ) جی سی ڈی پی کی جانب سے عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔آٹھ ستمبر کو عالمی یوم خواندگی منانے کے لئے سوات کی غیرسرکاری فلاحی تنظیم جی سی ڈی پی(گاؤری کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروگرام) نے ایف ایل آئی (فوم فار لینگویج انشٹیوز) کے تعاون سے کالام کے علاقہ بافر میں ایک پروقار تقریب منعقد کی۔ تقریب میں جی سی ڈی پی کے پروگرام منیجر محمدنبی، نائب ناظم وی سی اشومٹلتان انجنئیرسعید ، مولانا محمد رضا اور دیگر علاقہ عمائدین ، گاؤری ایم ایل ای سکول کے بچوں اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد نبی نے بتایا کہ عالمی یوم خواندگی ایک تقریب منانے کا نام نہیں، بلکہ خواندگی کی شرح میں اضافے کے لئے عملی جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہوتا ہے۔ انجنئیرسعید نے بتایا کہ سوات کوہستان کے علاقوں میں سرکاری سکولوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، مگر حکومتی سطح پر تعلیم کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا جاتا۔ بار بار احتجاج کے باوجود کسی نے ہماری فریاد نہیں سنی۔ ان کا کہنا تھا کہ خاموش نہیں رہیں گے اور اپنے علاقے کی تعلیمی ترقی کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ مولانا محمد رضا نے بتایا کہ جس طرح مردوں کو تعلیم کا حق حاصل ہے اسی طرح عورتوں کو بھی اچھی تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے، لیکن ہم نے انہیں صرف گھریلوں کام تک محدود رکھا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ خواتین کی تعلیم کے لئے بھی آواز اٹھائیں۔ شرکاء نے سوات کوہستان میں تعلیمی مسائل کے حل کے لئے متفقہ طور پر جدوجہد کرنے کا عزم کیا۔