سوات(مارننگ پوسٹ)سوات کے صوبائی حلقہ پی کے تھری سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے مذکورہ حلقے کا ٹکٹ پارٹی کے بانی کارکن محمد زیب خان کو دینے کا مطالبہ کردیا ،الیکشن کے دوران مرادسعید نے سیٹ خالی ہونے کی صورت میں ٹکٹ محمدزیب خان کو دینے کا وعد ہ کیاتھاہمیں امید ہے کہ وہ اپنا وعدہ ضرور پورا کریں گے،اس حوالے سے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں ریاض باچا،محمد زیب خان کے بھائی امیر زیب خان،ظفرعلی،سیدباچا،حاجی سردارعلی،محبوب علی اور پی ٹی آئی کے دیگر درجنوں کارکنوں نے کہاکہ محمد زیب خان کی پارٹی اور کارکنوں کیلئے بیش بہا قربانیاں ہیں مگر سابقہ ادوارمیں ان کی قربانیوں کو نظر اندازکیا گیاتھا تاہم اب ہمیں امید ہے کہ پی کے تھری کا ٹکٹ انہیں دیا جائے گا کیونکہ وہ عوام کی خدمت اورپارٹی کی مزید ترقی کیلئے ہروقت متحر ک رہتے ہیں،انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے دوران پی کے تھری اور این اے ٹو سے تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر حیدرعلی خان نے کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد موصوف نے صوبائی سیٹ خالی کردی ہے ،انہوں نے کہاکہ محمد زیب خان اپنی یونین کونسل کے ناظم ہے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ ساتھ اہل علاقہ نے بھی انہیں دل کھول کر ووٹ دیا کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ محمد زیب خان جذبہ خدمت سے سرشار ہے اوروہ دن رات عوام کی خدمت میں مصروف نظر آرہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ جنرل لیکشن کے وقت مرادسعید نے وعدہ کیا تھا کہ اس نشست کاٹکٹ محمد زیب خان کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دیا جائے گالہٰذہ ہمیں امید ہے کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق یہ ٹکٹ محمد زیب خان کو دیں گے تاہم ابھی تک ٹکٹ کا علان نہ ہونے کی وجہ سے کارکنوں میں خاصی پریشانی پھیلی ہوئی ہے ہم چاہتے ہیں محمد زیب خا ن کیلئے ٹکٹ کا اعلان جلد ازجلد کیا جائے تاکہ کارکنوں کی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے ۔
سوات کے صوبائی حلقہ پی کے تھری کا ٹکٹ وعدے کیمطابق محمد زیب خان کو دیا جائے
