سوات(مارننگ پوسٹ)ایم پی اے فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی دلی خواہش ہے کہ دینی مدارس کے طلباء کو بھی وہ مقام دیا جائے جو عصری علوم کے طلباء کو حاصل ہے اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد ان کو روزگار کے باعزت مواقع فراہم کئے جائیں۔وہ گزشتہ روز گورنمنٹ دارلعلوم اسلامیہ سیدو شریف کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر مولانا اکبر علی شاکر اور دیگر علماء بھی موجود تھے۔فضل حکیم خان نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں علماء اور دینی مدارس کے طلباء کو بھی جدید عصری علوم پر کافی حد تک عبور رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ جدید زندگی کے پیچیدہ مسائل کا حل قرآن و سنت کی روشنی میں موثر طور پر پیش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دینی مدارس کے طلباء کو تمام بنیادی سہولت دینگے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عصری علوم میں بھی قرآن و سنت کی تعلیمات کی اہمیت سے غافل نہیں اور اس سلسلے میں بنیادی اقدامات کر رہی ہے۔مثلاً میٹرک تک قرآن پاک کا ناظرہ اور ترجمعہ لازمی قرار دینے کا اقدام اور تعلیمی اداروں میں باجماعت نماز کا نفاذ ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے دین اور دنیا کی تقسیم بہت نقصان دہ ہے اور ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ ضروری دینی اور دنیاوی علوم پر عبور حاصل کرے ۔اسلام کی رو سے علم کا حصول مردوں اور خواتین کیلئے لازمی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دینی مدارس کے طلباء کو تمام بنیادی سہولت دینگے،فضل حکیم
