سوات(مارننگ پوسٹ ) ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر سبحان اللہ نے کہا کہ سوات کی کوئی طالب علم اور طالبہ بی ایس کے داخلوں میں محروم نہیں رہے گا اور جلد ہی پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سوات میں مزید بی ایس کلاسز کی توسیع کی جائے گی، وہ ہفتہ کے دن گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سوات بی ایس بلاک کے افتتاح کے بعد کالج انتظامیہ اور طالبات سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ بی ایس توسیعی منصوبہ خیبر پختونخوا کے کالجز میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے منصوبوں میں سرفہرست ہے اس سال کالج ہذا میں کیمسٹری، پولیٹکل سائنس، باٹنی اور اردو کے مضامین میں بی ایس کے کلاسز کا باقاعدہ آغاز کرنے کا اعلان کرتا ہوں، اور یقین دہانی کرتا ہوں کہ آئندہ سالوں میں بی ایس ڈیپارٹمنٹ میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہوگی کہ سوات کی کوئی طالبہ بھی بی ایس کے داخلوں سے محروم نہ رہیں،انہوں نے کالج کی طالبات کی تعلیمی اور سماجی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا،انہوں نے کالج انتظامیہ اور طالبات کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نہایت کم وقت میں کالج کی خوبصورتی ،ہم نصابی سرگرمیوں، سوشل ورک اور شجرکاری مہم چلائی اور کالج کے ماحول کو خوبصورت بنایااور آج کالج میں یہ تمام چیزیں نمایا ں نظر آرہی ہیں،انہوں نے کہا کہ تعلیم میں بہتری لانے کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن موثر اقدامات اٹھار ہی ہے اور جلد ہی بڑی تبدیلی محسوس کی جائے گی،کالج پرنسپل نرگس آرا نے ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کالج کا دورہ کیا اور بی ایس بلاک کا افتتاح کیا انہوں نے کہا کہ کالج کی محنتی اور قابل سٹاف کی وجہ سے ان کے بہت ساری طالبات نے یونیورسٹی آف سوات کے سالانہ امتحانات میں نمایا ں پوزیشن لے کر کالج کا نام روشن کیا،اس موقع پر کالج کے اساتذہ اور طالبات میں انعامات اور اعزازات تقسیم کئے گئے جنہوں نے سال بھر نصابی اور ہم نصابی سر گرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔