سوات(مارننگ پوسٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ سوات کے صحافیوں کے مسائل اور قربانیوں سے اگاہ ہوں سوات میں میڈیا کالونی کے منصوبے پر کام جاری ہے جس سے مٹہ سمیت ضلع سوات کے تمام صحافی مستفید ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹہ پریس کلب کے چیئرمین نور الہادی کی زیر قیادت وفد سے سی ایم ہاؤس پشاور میں ملاقات کے دوران کیااس موقع پر مٹہ پریس کلب کے سنیئر صحافیوں جہانزیب لالا،غفور خان شیداء،رحیم اللہ،عظمت علی،رحیم خان،نوید اختراوربہار خان کے علاوہ سیکرٹری انفارمیشن قیصر عالم خان، وزیر اعلیٰ کے سپیشل سیکرٹری محمد خالق خان، ڈی جی انفارمیشن فردوس خان ، وزیر اعلیٰ کے پریس سیکرٹری بہرہ مند خان اور ریجنل ڈائریکٹر غلام حسین غازی بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوات کو حالیہ چند مہینوں میں بڑے اعزازات سے نوازا گیا وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب سوا ت سے کرنا غیر معمولی بات ہے جو پورے ملاکنڈ ڈویژن کیلئے باعث فخر ہے اسی طرح سوات میں پاک فوج سے سول انتظامیہ کو تمام اختیارات کی منتقلی بھی ایک بہت بڑا اعزاز ہے انہوں نے اعتراف کیا کہ سوات دنیا کی منفرد سیاحتی سرزمین ہونے کے باوجود گوناگوں مسائل سے دوچار ہے مگر اب انہیں بتدریج حل کر دیا جائے گا محمود خان نے کہا کہ اپر سوات ضلع عوام کی دیرینہ ڈیمانڈ ہے لیکن دفاتر کیلئے سیکشن4لگانا پڑتا ہے اور جگہ کی قربانی دینا پڑتی ہے جس کیلئے کوئی بھی تیار نہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے حلقے میں پچھلے دور حکومت کے انتہائی اہم پراجیکٹس ا ب بھی اراضی نہ ملنے کی وجہ سے ہو ا میں معلق ہیں وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ چند لوگ اپنے من پسند ریٹ پر اراضی دینے کے خواہش مند ہیں لیکن ہمیں حکومت کی پالیسی کے تحت کام کرنا ہے اس لئے کسی کی خواہش پر چلنا محال ہے انہوں نے مٹہ پریس کلب کے سپاسنامے میں پیش کئے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کے مسائل کی حل کیلئے مخلصانہ کوشش کریں گے انہوں نے یقین دلایاکی ضلعی سطح پر قائم سوات پریس کلب میں تمام تحصیل پریس کلبز کو بھی نمائندگی دی جائے گی اور متعلقہ سہولیات مہیا کی جائینگی کیونکہ تحصیل کی سطح پر پریس کلب کو عمارات اور سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے محدود وسائل میں ممکن نہیں انہوں نے مزید یقین دلایا کہ صحافیوں کو بہت جلد صحت انصاف کارڈ بھی فراہم کریں گے۔
سوات کے صحافیوں کے مسائل اور قربانیوں سے اگاہ ہوں میڈیا کالونی منصوبے پر کام جاری ہے،وزیر اعلی
