سوات(مارننگ پوسٹ) سوات یونی ورسٹی میں پچھلے کئی سالوں سے پی آراو سمیت کئی اہم پوسٹیں خالی غیر متعلقہ لوگوں کا ان پوسٹوں پر قبضہ دوہرے مراعات لینے کا انکشاف، تفصیلات کے مطابق سوات یونی ورسٹی میں متعدد پوسٹیں کئی سالوں سے خالی ہیں جن کے لئے کئی مرتبہ مختلف اخبارات میں لاکھوں روپے خر چ کرکے اشتہارات بھی دئے جاچکے ہیں۔ جبکہ کئی پوسٹوں پر چار مرتبہ سے زائد امیدواروں سے ٹیسٹ اور انٹرویوبھی لئے جاچکے ہیں ۔ اس طرح ان پوسٹوں کے لئے درخواستیں جمع کرنے والوں سے بھی کئی ہزارو روپے فیس کے طورپر وصول کئے جاچکے ہیں مگرا ن خالی آسامیوں پر تعیناتی نہیں کی جارہی ہے ۔ یونی ورسٹی میں لابنگ اور گروپ بندی کی وجہ سے تاحال مستقل آسامیاں پرنہ ہوسکیں جبکہ یونی ورسٹی میں ویزٹراور کنٹریکٹ ملازمین کی بھرمارہے جن کو یونی ورسٹی انتظامیہ کم اجرت پر بھرتی کرتے ہیں ۔ کنٹریکٹ اور ویزٹراساتذہ کو بروقت تنخواہیں بھی نہ دی جاتی ہے ۔ جبکہ ویزٹرر اساتذہ کو بغیر کسی وجہ کسی بھی وقت نکالاجاتاہے ۔ اس طرح کنٹریکٹ اساتذہ بھی زیادہ تر یونی ورسٹی انتظامیہ کے مرہون منت پر ہوتی ہے۔ باوثوق ذرارئع کے مطابق یونی ورسٹی میں اعلی پوسٹوں پر براجمان افراد اپنے رشتہ داروں کے لئے آسامیاں خالی کراتے ہیں۔ ان کے نااہل رشتہ دار وں کو بھرتی کے لئے خودساختہ پالیسیاں بنائی جاتی ہیں حال ہی میں ایک اہم عہدہ دار نے اپنے مند پسند پوسٹوں پر اپنے ہی نااہل رشتہ داروں کو بھرتی کیا ہے جبکہ اہل افراد کو مستردکردیاگیاہے۔مسترد کرنے والوں نے باقاعدہ عدالت میں جانے کا فیصلہ کرلیاہے ۔ اس طرح یونی ورسٹی کے ہزاروں طلباء گروپ بندی سے متاثرہورہے ہیں ۔ سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث کئی طلباء اور طالبات نے اپنے داخلے منسوخ کردئے ہیں ۔یونی ورسٹی کی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں طلباء کی پڑھائی کئی سالوں سے انتہائی متاثرہورہی ہیں ۔