سوات (مارننگ پوسٹ ) سوات میں اس سال پچھلے سال سے بہت زیادہ مقدار میں ٹماٹر کی پیداوار ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں ٹماٹر سستے نرخوں پر دستیاب ہیں۔ سوات میں پانچ ہزار ایکٹر سے زائد زمین پر ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ ان زمینوں پر سالانہ 51ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر کی پیدوار ہوتی ہے۔ اس سال سوات میں ٹماٹر کی وافر مقدار میں پیداوار کی وجہ سے ٹماٹر کے نرخوں میں انتہائی کمی ہوئی ہے۔دس کلو کا ایک تھیلا ٹماٹر ایک سو پچاس روپے سے دوو سو روپے میں دستیاب ہے۔ مینگورہ کے بازاروں میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت بیس روپے تک ہے۔ ٹماٹر کے زمینداروں اعتبار علی اور شعیب الرحمان کے مطابق ٹماٹر زیادہ مقدار میں پیدوار کی وجہ سے مارکیٹ میں ٹماٹر کے نرخ کم ہیں، جن کا نقصان زمینداروں کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔سوات میں ٹماٹر کی زیادہ پیدوار تحصیل بریکوٹ کے مختلف علاقوں میں دریائے سوات کے کنارے ہوتی ہے۔ سوات کی آب و ہوا اور دریائے سوات کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی وجہ سے ان علاقوں میں پیدا ہونے والے ٹماٹر سائز میں بڑے اور ذائقہ دار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ملک بھر میں ان علاقوں کے ٹماٹر کو پسند کیا جاتا ہے۔ سوات کے ٹماٹروں کو اس وقت ملک کے بیشتر حصوں میں سپلائی کیا جارہا ہے۔ زمینداروں کے مطابق دس کلو کے ایک کارٹن پر خرچہ زیادہ آتا ہے جس میں ٹماٹر کا کاٹن 33روپے، سکاچ ٹیپ پانچ روپے، منڈی تک رسائی کا فی کاٹن کرایہ تیس روپے اور 15روپے لوڈنگ اَن لوڈنگ پر خرچ ہوتے ہیں۔ پنجاب کی مارکیٹ میں ان کا دس کلو والا ایک کارٹن ٹماٹر ایک سو سے سیک سو تیس روپے میں فروخت ہوتاہے۔ تحصیل بریکوٹ میں کبل روڈ پر ان کھیتوں کے کناروں پر بھی بڑی تعداد میں ان ٹماٹروں کے تھیلے یا کارٹن نظر آتے ہیں جو آنے جانے والے لوگ خریدتے ہیں۔ سڑک کنارے ان دس کلو ٹماٹر کے کارٹن کی قیمت ایک سو پچاس روپے تک ہے۔ تحصیل بریکوٹ کے علاقہ شموزئی روڈ پر واقع ٹماٹروں کے کھیتوں کے ایک بڑے حصہ پر حکومت نے سیکشن فور لگایا ہے، جس پر حکومت ان کھیتوں میں سمال انڈسٹری بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ایک زمیندار رحیم اللہ کا کہنا تھا کہ یہ زمینیں ان کی اباو اجدا کی خریدی گئی ہیں۔ ان علاقوں کے لوگوں کا ذریعۂ معاش ان کھیتوں میں پیدا ہونے والی سبزیوں کی خرید و فروخت ہے، لیکن حکومت نے ان سے مشورہ کئے بغیر ان زرعی زمینوں پر سیکشن فور لگایا ہے جو ان کو کسی بھی طرح قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سوات کی زرعی زمینوں کی دشمن نہ بنے اور سمال انڈسٹری کےلئے بنجر زمینوں کا انتخاب کرکے سیکشن فور واپس لے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا، تو سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ر با اضافہ ہو جائے گا۔
سوات میں ٹماٹر کی وافر مقدار میں پیداوار نرخوں میں انتہائی کمی
