سوات:مشیر اطلاعات اور اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ جہانزیب کالج سوات کے لئے یونیورسٹی کی حیثیت رکھتا ہے۔ کتب بینی و علم دوستی کا فروغ، مکتب و استاد کی فلاح حکومت وقت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کے تمام کالجوں کو سہولیات مہیا کی جائیں۔ اس ضمن میں کالجوں کو اٹھا رہے ہیں اور خصوصی دوروں کے ذریعے خود کالجوں کا معائنہ کر رہا ہوں۔ سوات میں جہانزیب کالج کے دورے کا مقصد کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لینا ہے۔ جہانزیب کالج سوات کے لیے چھوٹی یونیورسٹی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے جہانزیب کالج کے حکام کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے۔ جہانزیب کالج کے دورے کے موقع پر ایم این اے سلیم الرحمان اور ایم پی اے و چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم بھی مشیر اطلاعات کے ہمراہ تھے۔ پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سید ممتاز علی شاہ نے کامران بنگش اور وفد کو کالج میں جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔