سوات(مارننگ پوسٹ) ضلعی کچہری میں خاتون کے قتل پر ڈی پی او سوات کا ایکشن سیکورٹی انچارج اور ایس ایچ او سمیت 5اہلکار معطل ، ضلعی کچہری کے حدود میں پرائیویٹ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد ، داخل ہونے والوں گاڑیوں کو خصوصی سٹکر جاری کرنے کا فیصلہ ، گذشتہ روز ضلعی کچہری مینگورہ میں شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل ہونے کا ڈسٹرکٹ پولیس افیسر سوات سید اشفاق انور نے ایکشن لیتے ہوئے ضلعی کچہری کے سیکورٹی انچارج سید افضل ، ایس ایچ او سیدو شریف شیر علی سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کردیا جبکہ ایس ایچ او جان عالم کو ضلعی کچہری انچارج اور سہراب خان کو ایس ایچ او سیدو شریف تعینات کردیا گیا جبکہ ملزم پکڑنے والے دو اہلکاروں کو نقد انعام اور سرٹیفیکیٹ دیا گیا ، اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس افیسر سید اشفاق انور نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتا یا کہ ضلعی کچہری سمیت ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور کورٹس میں مزید 2واک تھرو گیٹ لگادیئے گئے جبکہ اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ ضلعی کچہری میں داخل ہونے والے گاڑیوں کے لئے خصوصی سٹکرز جاری کئے جارہے ہیں اور پرائیویٹ گاڑیوں کا داخلہ ممنوع کردیا ہے جبکہ عدالت میں ڈیوٹی دینے والے تمام سٹاف کے لئے بھی خصوصی کارڈز جاری ہونگے جس کے بغیر انکو داخلہ نہیں ہونے دیا جائیگا ، انہوں نے وکلاء برادری سٹاف سمیت عملہ کو تعاون کی اپیل کی ۔
ڈی پی او سوات کا ایکشن عدالت میں خاتون کے قتل پر سیکورٹی انچارج اور ایس ایچ او سمیت 5اہلکار معطل
