سوات(مارننگ پوسٹ )صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے مدین میں کھلی کچہری کاانعقاد کیاجس میں تحصیل ناظم بحرین حبیب اللہ ثاقب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات محمد فواد خان، اسسٹنٹ کمشنر مدین عابد علی مہمند اورضلع بھر کے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان اور افسران کے علاوہ معززین علاقہ، ناظمین، کونسلرز اور مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر سوات کو اپنے کئی اجتماعی اور انفرادی مسائل سے تفصیلی طور پر اگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل علاقے کے جنگلات ، تعلیم ، صحت ، سڑکوں کی تعمیر،بجلی،پولیس، میونسپل سروسز اور علاقے میں سیاحت کے فروغ سے متعلق تھے ڈی سی سوات نے مدین کے باشندوں کے مسائل بغور سنے انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے دائرہ کار میں آنیوالے مسائل کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے جبکہ باقی مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ثاقب رضا اسلم نے واضح کیا کہ کھلی کچہری کابنیادی مقصد سرکاری ملازمین کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا، عوام اور سرکاری ملازمین کے درمیان فاصلے مٹا کر عوامی مسائل کواُن کے دہلیز پر حل کرنا ہے انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد باقاعدگی سے جای رہے گا اور ہمارے دفاتر کے دروازے شہریوں کے لیے ہر وقت کھلے رہیں گے انہوں نے سرکاری حکام کوبھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ عوام کی پورے اخلاص کے ساتھ خدمت کو یقینی بنائیں،ان کے معروضات انتہائی نرمی اور شائستگی سے سنیں اور ان کا جلد از جلد حل یقینی بنائیں نیز کسی بھی مرحلے پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچنے دیں انہوں نے خبردار کیا کہ عوام سے درشت رویہ اپنانے اور انکی تکالیف کم کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کا باعث بننے والے افسران کو ضلع بدر کرنے میں ذرہ برابر تاخیر نہیں کی جائے گی اسلئے حکام کا فرض ہے کہ وہ میرٹ پر فیصلے کریں اور ہر سطح پر انصاف اور قانون کی بالادستی یقینی بنائیں ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کوبھی یقین دلایا کہ انکی پیش کردہ شکایات اور مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ یقینی بنایا جائے گا جس کیلئے متعلقہ حکام کو واضح طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے حکام نے بھی اُن کے مسائل، شکایات اور تجاویز نوٹ کرلیے ہیں جنہیں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے بنائے گئے پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کے لیے بھیجا جا رہا ہے جس کی مانیٹرنگ براہِ راست وزیراعظم پاکستان سیکرٹریٹ کی ڈیلوری یونٹ کرتاہے۔
مدین میں کھلی کچہری کاانعقاد،ڈی سی سوات نے اہم احکامات جاری کردیئے
