سوات( مارننگ پوسٹ )تحصیل ناظم بابوزئی اکرام خان نے کہا ہے کہ 2015 ء میں نظامت سنبھالنے کے فوری بعد انہوں نے ٹی ایم اے کو نئے رخ پر فعال بنایا اور مینگورہ کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے دن رات پوری تندہی سے کام کیا جس کے مثبت نتائج آج شہریوں کے سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں انہوں نے اس سلسلے میں تحصیل کونسل کے تمام ارکان کے مخلصانہ تعاؤن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کہ کوئی فرد واحد اکیلے کوئی بھی ادارہ نہیں چلا سکتا اسلئے وہ ترقیاتی عمل تیز کرنے پر کونسل میں حزب اقتدار و اختلاف دونوں بنچز کا تہہ دل سے مشکور ہیں وہ ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن غلام حسین غازی سے باتیں کررہے تھے جنہوں نے ان سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور صحت و صفائی سے متعلق اپنے بعض مسائل سے انہیں اگاہ کرنے کے علاوہ ٹی ایم اے کی کارکردگی اور ترقیاتی سکیموں پر ان سے تبادلہ خیال کیا اکرام خان نے محکمہ اطلاعات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے ٹی ایم اے کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ نیو بائی پاس روڈ پر جنرل بس سٹینڈ، بلوگرام میں نیو سبزی منڈی، مکان باغ چوک میں ٹی ایم اے کی اراضی پر عالیشان کمرشل پلازہ کی تعمیر اور ہر یوسی کی سطح پر سڑکوں و نالیوں کی تعمیر نو بابوزئی ٹی ایم اے کی حسن کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے جنرل بس سٹینڈ کا افتتاح کردیا ہے جس کی بدولت مینگورہ میں بھاری اور مسافر گاڑیوں کا داخلہ بند ہونے کے بعد اندرون شہر ٹریفک اژدھام کا خاتمہ بھی ہوجائے گا جبکہ ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ مینگورہ کے تمام بازاروں میں پارکنگ پلازے بناکر شہر اور بازاروں کو اتنا صاف ستھرا اور بارونق بنائیں کہ اس پر کسی یورپی شہر کا گمان ہونے لگے انہوں نے کہا کہ ہم ڈبلیو ایس ایس سی سے تعاؤن کرکے مینگورہ اور سیدو شریف میں صفائی اور آبنوشی کے تمام دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے بھی کوشاں ہیں۔