سوات (مارننگ پوسٹ) تحصیل کونسل بابوزئ کا اجلاس ، اراکین نے مسائل کے انبار لگا دئیے ، حسب سابق واسا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ، کمپنی کی کارکردگی صفر صرف تنخواہیں بنانے تک محدود ، ٹی ایم اے کمرشل پلازہ سے متعلق ٹیکسیشن کمیٹی کی سفارشات پر بحث ہوئی جبکہ تحصیل کونسلر زبابوزئ کے ممبران نے کونسل کیلئے اسٹڈی ٹور سے متعلق طریقہ کار وضع کر دیا گزشتہ روز تحصیل کونسل بابوزئکے ہال میں تحصیل کونسل کا اجلاس زیر صدارت کنونیئر تحصیل نائب ناظم فضل حمید خان منعقد ہوا جس میں تحصیل میونسپل افیسر زبیر خان ، ڈی ایس پی حبیب اللہ خان کے علاوہ ٹی ایم اے سٹاف شریک ہوئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم اکرام خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے جو پالیسی وضع کی ہے اس میں ہم ردو بدل نہیں کر سکتے صرف تبدیلی کے سفارشات کر سکتے ہیں ہمارے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے ہیں انہوں نے بتایا کہ ٹی ایم اے پلازہ میں بعض کونسلروں نے خرد برد کا الزام لگا کر ہونے والے آکشن کو کینسل کر دیا تھا اس میں انکوائری مقرر کی گئی اور اس وجہ سے تاخیر ہوئی ہے انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ واسا کی کارکردگی ناقص ہے صفائی ، پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر سہولیات دینے میں ناکام ہے صرف تنخواہیں بنا رہی ہے ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہمارے ترقیاتی فنڈ کو واسا کی تنخواہیں دینے کیلئے منتقل کیا گیا اگر حقیقی معنوں میں واسا کام کرتی تو ہم اُن کو خوش آمدید کہتے اگر کارکردگی یہی رہی تو ہمارا یہ مطالبہ ہو گا کہ پانی کی فراہمی اور صفائی کی ذمہ داری دوبارہ ٹی ایم اے کے حوالے کی جائے انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں پندرہ سے بیس ہزار روپے بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے ہم اسے صوبائی حکومت کے پاس بھیجیں گے محکمہ سوئی گیس سوات میں اندھیر نگری چوپٹ راج قائم ہے اس سلسلے میں محکمہ سوئی گیس کے جی ایم کو کونسل کی طرف سے تحریری طور پر آگاہ کرینگے اجلاس میں مسائل اجاگر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شاہد علی خان نے کہا کہ واسا سے متعلق اراکین کے مسائل سننے کیلئے واسا کے چیف ایگزیکٹیو کی اجلاس میں موجودگی ضروری ہے تاکہ وہ بروقت جوابات دے سکے لیکن وہ تحصیل کونسل کو اہمیت نہیں دے رہے اور نہ ہی اجلاس میں شرکت کی زحمت کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ شاہدرہ ٹیوب ویل اپنی مدد آپ کے تحت چلا رہے ہیں واسا ذمہ داری قبول نہیں کرتی جبکہ ٹی ایم اے کے پاس اختیار نہیں واسا اور ٹی ایم اے کے مابین جنگ میں عوام صفر ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میرے یو نین کونسل میں خواجہ سراؤں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں اور فحاشی پھیلانے سے روکا جائے وہ کھلے عام فحاشی پھیلا رہے ہیں اس سلسلے میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کردار ادا کریں جنرل بس اسٹینڈ کی منتقلی فی الفور یقینی بنائی جائے اور تعمیراتی کام میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ مینگورہ شہر میں ٹریفک کا دباؤ کم ہو سکے انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم اے بابوزئ کی حدودات میں ٹی ایم اے کی اراضیات اور اثاثہ جات کو بروئے کار لایا جائے یا کرایہ پر دیا جائے تاکہ ٹی ایم اے آمدن کے مواقع زیادہ ہو سکے اجلاس سے تحصیل کونسلر سیدو شریف ڈاکٹر خالد محمود نے تفصیلی طور پر مسائل بیان کئے جبکہ بخت منیر ، حاجی انور ، بونیرے خان ، علی محمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
تحصیل کونسل بابوزئ کا اجلاس ، اراکین نے مسائل کے انبار لگا دئیے،واسا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ
