سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان کی خصوصی دلچسپی کی بدولت سنٹرل ہسپتال سیدو شریف میں نصب سی ٹی سکین مشین کو اگلے دو ہفتے کے دوران چالو کردیا جائے گا اس سلسلے میں واپڈا کی طرف سے بجلی وولٹیج اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بھی ختم کرنے کی یقین دہانی کر دی گئی ہے اور سی ٹی سکین مشین آئندہ دن رات مریضوں کو ہسپتال کی حدود کے اندر یہ جدید سہولیات مہیا کرنے کے قابل بن جائے گی اس سلسلے میں سنٹرل ہسپتال میں ایک اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے کی اجلاس میں واپڈا کے ایکسین آپریشن انجینئر نذیر خان ، ایس ڈی او کنسٹرکشن خالد خان، سی این ڈبلیو کے ایس ڈی او بلڈنگ عابد خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی واپڈاکے حکام نے چیئرمین ڈیڈیک کو یقین دلایا کہ بجلی کے کم وولٹیج اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ اب جلد ختم ہوجائے گا اور سی ٹی سکین مشین24 گھنٹے کام کرے گی یہ جدید اور قیمتی مشین سنٹرل ہسپتال میں نصب تھی لیکن بجلی کے کم وولٹیج کی وجہ سے مریض ان سے استفادہ نہیں کرسکتے تھے چنانچہ ہسپتال انتظامیہ اورمریضوں کے شکایات پر چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے میٹنگ بلائی جس میں اس اہم مسئلہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام حکام کی موجودگی میں مسئلے کا مستقل حل نکالا گیا قبل ازیں چیئرمین ڈیڈیک نے سنٹرل ہسپتال کا دورہ کرکے متعلقہ مقامات اور مشینری کا معائنہ بھی کیا اور بجلی وولٹیج سمیت تمام امور سے اگاہی حاصل کی ۔