سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہم حلقہ پی کے5میں’’حق حقدار کے پاس‘‘ کے نام سے تمام یونین کونسلوں کی سطح پر کھلی کچہری کا انعقاد کرینگے کھلی کچہری میں تمام سرکاری ادارے ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے افسران بھی شریک ہونگے اس کھلی کچہری میں عوام اپنی شکایات اور رائے کا کھل کر اظہار کرسکتے ہیں اس موقع پر عوام کی تمام جائز شکایات کا ازالہ ہوگا انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کی روک تھام اور عوام کو تمام بنیادی سہولیات پہنچانے کیلئے’’ حق حقدار کے پاس‘‘ کے تحت کھلی کچہری اس یقین کے ساتھ شروع کرنے والے ہیں تاکہ لوگو ں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مل سکیں اور سرکاری افسران مقامی رسم ورواج اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہوسکیں وہ اپنے دفتر سیدو شریف میں کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل سننے کے وقت وہاں پر موجود لوگوں سے خطاب کررہے تھے فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اداروں تک عوام کی آسانی سے رسائی ممکن بنانے کیلئے اس اقدام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حقیقی معنوں میں حقدار کو اس کا حق مل سکے انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو با اختیار بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور ہم اس مقصدکے ساتھ کام کررہے ہیں کہ نچلی سطح پر تمام سرکاری ادارے عوام کے سامنے جواب دہ ہوں انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر پاکستانی شہری کوان کا حق دینگے اور اپنی کارکردگی کھلی کتاب کی طرح عوام پر واضح کرینگے انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڈیک آفس سیدو شریف میں ان کی نگرانی میں شکایات سیل کو دوبارہ فعال کیا جارہا ہے تاکہ عوام کی محرومیوں اور مشکلات سے بروقت آگاہی ہو اور ان شکایات پر پوری طرح کاروائی ہوسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حلقہ پی کے5میں’’حق حقدار کے پاس‘‘ کے نام سے تمام یونین کونسلوں کی سطح پر کھلی کچہری کا انعقاد کرینگے
