پاکستان پوسٹ سے بھیجی گئی چیزیں اب گم ہوں گی نہ دیر سے پہنچیں گی، پاکستان پوسٹ میں پہلی بار ٹریکنگ سروس متعارف کروادی گئی، وزیر مواصلات مراد سعید نے نئی سہولت کا افتتاح کردیا۔
تبدیلی سرکار نے ڈاک کے پرانے نظام کو نئے رخ پر ڈال دیا، شہری اب پارسل گھر بیٹھے بک کرائیں اور بے فکر ہوجائیں، آپ کی اشیاء صرف 72 گھنٹے میں یقینی طور پر منزل تک پہنچادی جائیں گی۔
پاکستان پوسٹ نے نئی موبائل ایپ شروع کردی، ٹریکنگ اینڈ ٹریس سروس کا افتتاح وزیر مواصلات نے کیا۔ مراد سعید کہتے ہیں ابتدائی مرحلے میں ٹریک اینڈ ٹریس کی سہولت 10 شہروں میں دے رہے ہیں، جس کا آغاز 15 جنوری سے ہوگا۔
پاکستان پوسٹ صارفین کی بھیجی ہوئی اشیاء کو 72 گھنٹے میں منزل پر پہنچائے گا، تاخیر کی صورت میں تمام معلومات موبائل ایپلی کیشن پر دیکھی جا سکیں گی۔
وزیر مواصلات نے ای کامرس، لاجسٹک سروس اور ٹریکنگ سروسز کو انقلاب قرار دیا۔ وفاقی وزیر مواصلات کہتے ہیں اس وقت پاکستان پوسٹ کا خسارہ 52 ارب روپے ہے، اُمید ہے جدید نظام سے قومی خزانے پر بوجھ کم کیا جاسکے گا