سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شہریوں کو روزگار کے زیادہ مواقع مہیا کرے گی اور ان کا معاشی تحفظ بھی یقینی بنائے گی انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کو کامیاب بنانے اورمعاشرے سے ظلم،کرپشن اور نا انصافی کو ختم کرنے کیلئے عوام کا تعاؤن بھی ضروری ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میرٹ، انصاف اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ہماری دانست میں قانون سب کیلئے برابر ہے عام شہری کیلئے جو قانون ہے وہ صدر مملکت سے لیکر وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ،وزراء،ایم پی ایز اورایم این ایز کیلئے بھی ایک جیسا ہے کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہم تو بس عوام کے خادم ہیں البتہ عوام ہی ہمارے حکمران اور وی آئی پی لوگ ہیں اسلئے جو بھی کسی شہری کے ساتھ ظلم کرے گا تو اُس کیخلاف سخت ترین قانونی کاروائی ہوگی عوام کی جان ومال کا تحفظ ہمارا فرض ہے وہ اپنے حجرے مکان باغ میں موٹر سائیکل سپیر پارٹس دکانوں کے مالکان اور موٹر سائیکل مکینکس کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگوکررہے تھے اس موقع پر وفد کے نمائندوں روزی خان،بالے،ممتاز،گل اور فضل حسین نے چیئرمین ڈیڈیک کو اپنے مسائل و مشکلات سے اگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ہمیں بار بار یہ کہہ کر ڈرا رہی ہے کہ جو شخص اپنا موٹر سائیکل ٹھیک کرنے ہمارے پاس آئے تو اُن کی انٹری ضرور کریں تاکہ معلوم ہو کہ آپ کے پا س کن علاقوں سے لوگ کام کروانے آتے ہیں جو ہم کم تعلیم یافتہ محنت کشوں کیلئے ممکن نہیں وفد کا شکوہ تھا کہ محکمہ پولیس ہمارے ساتھ تعاؤن کرے، یہ حساس کام اپنے ذرائع سے کرے اور ہمیں بلاوجہ تنگ نہ کرے فضل حکیم خان نے انہیں یقین دلایاکہ کوئی بھی سرکاری آفیسر کسی بھی محنت کش یا شہری کو بلاوجہ تنگ نہیں کریگااور نہ ہی ہم اس کے اجازت دینگے اسلئے وہ پوری دلجمعی سے اپنے کام پر توجہ دیں اور حلال کی روزی کمائیں تاہم معاشرے سے غلط لوگوں اور موٹر سائیکل چوروں کی نشاندہی کیلئے پولیس سے تعاؤن ضروری ہے تاکہ ملک و سماج دشمن عناصر کا مکمل طور پر خاتمہ ہو انہوں نے کہا کہ مینگورہ شہرمیں شہری بلا خوف وخطر اپنا روزگار جاری رکھیں انکے ہوتے ہوئے کسی کیساتھ کوئی ظلم یا نا انصافی نہیں ہوگی البتہ ہم انہیں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کرنے کی پوری کوشش اور منصوبہ بندی کرینگے ہماری حکومت میں تمام سرکاری ادارے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مصروف عمل ہیں وفد نے پوری توجہ کے ساتھ انکی شنوائی کرنے اور انکے مسئلے کو حل کرنے پر چئیرمین ڈیڈیک کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے ان پر عمل درآمد میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
کوئی بھی سرکاری آفیسر کسی بھی محنت کش یا شہری کو بلاوجہ تنگ نہیں کرسکتا،فضل حکیم
