سوات(مارننگ پوسٹ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رسول شاہ نے کہا ہے کہ لوگوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ، کمیونٹی پولیسنگ و امن عمل کا فروغ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا پولیس کیساتھ وابستہ عوامی خدمت میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی مفاد عامہ اور قانون و انصاف کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوئے مجرمانہ سرگرمیوں کا سدباب پولیس کی اہم ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ پولیس لائنز میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جرائم کی شرح کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد زمان، سب ڈویژنل پولیس آفیسر الپوری امجدعلی، سب ڈویژنل پولیس آفیسر بشام محمد زمان، سب ڈویژنل پولیس آفیسر پورن زیراب گل، جملہ ایس ایچ اوز اور متعلقہ انچارج شعبہ جات کے علاوہ دیگر پولیس حکام بھی موجودتھے اجلاس میں شانگلہ کے تینوں سرکلز الپوری، بشام اور پورن میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، جرائم کی شرح، پولیس کی استعداد کار اور متعلقہ سرکلز کے تھانوں میں درج مقدمات کے تفتیشی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ عوامی خدمات اور دادرسی کیلئے پولیس اسسٹنٹ لائن، پولیس ایکسس سروس اور تنازعات کے حل کیلئے کونسلوں کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس ضمن میں بعض ضروری فیصلے کئے گئے اجلاس میں تینوں سرکلز میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، انسداد جرائم کی شرح اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تفتیش میں مثبت پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا گیا اور عوام کو فراہم کردہ خدمات و شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہا گیا اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہریوں کے تحفظ اور حکومتی رٹ کو یقینی بنانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات کو اسکی اصلی روح کے مطابق عملی جامہ پہنایا جائے گا اور مجرمانہ سرگرمیوں کے سدباب کیلئے سرچ اینڈ سٹرائک آپریشنز کو بھی مزید موثر بنایا جائے گا اسی طرح عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی پیروی کے دوران تفتیش کی جدید طریقہ کار سے استفادہ کرتے ہوئے مقدمات فوری نمٹانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ماتحت عملے کو عوامی خدمت میں بھرپور دلچسپی لینے کا پابند بنائیں اور انہیں ہر معاملے میں شہریوں کے ساتھ حسن اخلاق کا کی تاکید کریں انہیں مزید ہدایت کی کہ تھانوں کی سطح پر شفافیت کو یقینی بناکر منشیات فروشوں، سودخوروں، ہوائی فائرنگ کرنے والوں اور معاشرتی جرائم میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کریں اسی طرح بغیر نمبر پلیٹ و نان رجسٹرڈ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے عوامی تنازعات کی صورت میں فریقین کے مابین صلح صفائی کی جائے تعلیمی اداروں اور دیگر حساس و آسانی سے ہدف بننے والے مقامات کی وقتاً فوقتاً سیکورٹی چیکنگ کو مزید فعال بنایا جائے رسول شاہ نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے قائم پولیس ایکسس سروس اور سیٹیزن پورٹل کے ثمرات سے لوگوں کو بہتر انداز میں مستفید کرائیں انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تھانوں کی سطح پر پروایکٹیو پولیسنگ کے فروغ، تعلیمی اداروں اور حساس مقامات کی چیکنگ اور پلان کے مطابق موبائل پٹرولنگ بڑھانے، سنگین جرائم کے مرتکب عرصہ دراز سے اشتہاری مجرموں کی گرفتاری عمل میں لانے، جیل سے رہا ہونیوالے سزایافتہ مجرمان کی نگرانی یقینی بنانے، جرائم کے سدباب کیلئے انسدادی کاروائیوں میں تیزی لانے، عوامی مسائل کے ازالے کیلئے زیادہ مقامات پر کھلی کچہریوں کے انعقاد، جرائم کی نشاندہی کیلئے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے، پبلک لیزان کمیٹیوں کو مزید فعال بنانے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت وسیع پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا انعقاد یقینی بنانے پر مرکوز رکھیں۔