پشاور()وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں گیس اور بجلی کی اوربلنگ سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ انہوںنے پیسکو اور سوئی گیس کے حکام کو تنبیہ کی ہے کہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور اوربلنگ سے اجتناب کریں۔ اس کی وجہ سے صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاورمیں صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عوامی وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔آج صوبہ بھر سے عام لوگوں پر مبنی مختلف وفود نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ لوگوں نے خصوصی طور پر پیسکو اور سوئی گیس کے خلاف شکایات کیں کہ وہ زیادہ اور اضافی بل بھیجتے ہیں جو عوام کے بس میں نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ نے شکایات پر فوری نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو وارننگ دی کہ وہ زیادہ بل بھیجنے سے باز آجائیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اووربلنگ کے ذریعے عوام کو مشقت میں ڈالیں اور نہ ہی حکومت کیلئے مسائل پید اکریں ۔ سوئی گیس اور پیسکو کی غفلت ، لاپرواہی اور سرکاری ذمہ داریوں سے صرف نظر کرنے کی وجہ سے عوام پریشان ہیں اور صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو تا ہے ۔علاوہ ازیں یورپین یونین مانیٹرنگ مشن کی رپورٹ کے سلسلے میں دس ترجیحاتی اقدامات کے حوالے سے ادارہ جاتی اصلاحات اور گڈگورننس پر مختلف محکموں کے نام اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ امر خوش آئند اور قابل ستائش ہے کہ یورپین یونین مانیٹرنگ مشن نے اپنی رپورٹ میں مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی حکومت نے مشن کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جسے اطمینان بخش اور قابل تعریف قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت حکمرانی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے مختلف محاذوں پر کام کر چکی ہے ۔ خصوصی طور پر بچوں سے مزدوری لینے اور جبر ی مشقت کے انسداد ، صحافیوں کے تحفظ اور اُن کی فلاح کے ساتھ ساتھ صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ صحت پالیسی کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیئے ہماری مجموعی کاوشوں کا مرکز و محور عام آدمی ہے جس کو سہولیات کی فراہمی کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیر صحت ہشام انعام اﷲ سے خیبرپختونخوا کی صحت پالیسی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ وزیر صحت نے وزیراعلیٰ ہائوس میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اُنہیں صحت پالیسی کے چیدہ چیدہ نکات پر بریفنگ دی اور دیگر اہم اُمور پر بات چیت کی ۔ وزیراعلیٰ نے صحت پالیسی کے عوام دوست فیچرز کو سراہا تاہم اُنہوںنے واضح کیا کہ پالیسی کا عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ ملنا چاہئے ۔
پیسکو اور سوئی گیس کے حکام اپنا قبلہ درست کر لیں,وزیراعلیٰ محمود خان
