سوات(مارننگ پوسٹ) صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمودخان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں نیب کی کارروائی باعث تشویش ہے ، وزیراعظم بھی ان کی کارروائی سے خوش نہیں ، سوات موٹروے یکم مئی تک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائیگا، گورنر سے کوئی اختلاف نہیں ہے ، اس حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، عمران خان کا بھرپور اعتماد حاصل ہے، 10ارب پودے لگانا ہدف ہے ، جوپوراکریں گے ، ان خیالا ت کااظہار انہوں نے ماندور مٹہ میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری جنگلات اوردیگرحکام کے علاوہ کمشنر ملاکنڈڈویژن سیدظہیرالاسلام ، ایم پی اے شرافت علی ، ڈی سی سوات صوبائی وزیر محب اللہ خان کے بھائی ڈسٹرکٹ کونسلر حبیب اللہ خان، تحصیل ناظم عبداللہ خان اوردیگر حکام بھی موجود تھے ، وزیراعلیٰ نے نیب کی طرف سے صوبہ خیبرپختونخوا میں ہونے والی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورکہا کہ نیب نے ڈائریکٹر میوزیم عبدالصمد خان پرہاتھ ڈال کر اچھا نہیں کیا۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، اس اقدام پر وزیراعظم عمران خان بھی خوش نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنرسے کوئی اختلاف نہیں ہے اور اختلافات کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اس طرح کی خبریں پھیلاکر غلط فہمیاں پیداکررہی ہے لیکن ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کابھرپور اعتماد حاصل ہے ، ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے یکم مئی تک ٹریفک کے لئے کھول دیاجائیگا، سوات موٹروے ملاکنڈڈویژن کے عوام کیلئے ایک انمول تحفہ ہے جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا، اورلوگوں کو اس حوالے سے فائیدہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکومت کلین اورکلین پاکستان منصوبے کے حوالے سے 10ارب پودے لگانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ جو ہمارا ہدف ہے ، اوریہ ہدف پوراکریں گے ، انہوں نے کہا کہ سرسبزوشاداب صوبہ خیبرپختونخوا کیلئے موجودہ حکومت پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں تمام ضروری اوردستیاب وسائیل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
سوات:عمران خان کا بھرپور اعتماد حاصل ہے، 10ارب پودے لگانا ہدف ہے،وزیر اعلی
