سوات(مارننگ پوسٹ)سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کا گنجان آباد محلہ شہاب نگراس دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات محروم ہے،یہاں کے گلی کوچے کھنڈرات کا نقشہ پیش کررہے ہیں جبکہ اس محلے میں صفائی ستھرائی کا نظام بھی انتہائی ہے،سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے شام کے بعد پورا علاقہ اندھیروں میں ڈوب جاتا ہے ،دوسری جانب پورے محلے میں باؤلے اورآوارہ کتوں کی بھر مارہے ،سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ رہی سہی کسر پوری کررہی ہے ،مسائل کے سبب اہل علاقہ کو قدم قدم پر مشکلات اورپریشانی کا سامنا رہتا ہے ،باربار اپیلوں اور مطالبات کے باوجود بھی ضلعی وتحصیل کونسل نے اس طرف کسی قسم کی توجہ نہیں دی،حکومت بھی خاموش تماشائی بن گئی ہے جس کے باعث یہاں کے لوگوں کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہاہے،عوام نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے مسائل کے حل اورعلاقے کی تعمیر وترقی کیلئے اقدامات اٹھانے کی اپیل کردی،اس حوالے سے سروے کیاگیا جس کے دوران شہاب نگر کے رہائشی افراد نے بتایا کہ اس محلے کو ہردورمیں ترقیاتی کاموں میں یکسر نظر اندازکیاگیاہے جس کے سبب یہاں پر نت نئے مسائل نے سراٹھا کر لوگوں کا جینا محال کردیا ہے، محلے کی اہم شاہراہ اور گلی کوچے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جو بار ش کے وقت جوہڑوں اور تالابوں کا نقشہ پیش کرتے ہیں جس کے سبب لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے جبکہ خشک موسم میں یہاں سے گردوغبار اوردھول اٹھ رہی ہے جس میں سانس لینا محال ہوجاتا ہے ،اس کے علاوہ یہاں پر صفائی ستھرائی کا نظام بھی انتہائی ناقص ہے ،محلے بھر میں قدم قدم پر گندگی کے ڈھیر پڑے نظر آرہے ہیں جس سے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے جبکہ سٹریٹ لائٹس سسٹم بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے شام کے بعد یہاں پر اندھیروں کا راج ہوتا ہے ،اہل علاقہ نے بتایا کہ دیگر علاقوں اور محلوں میں سوئی گیس کی سپلائی تسلسل کے ساتھ جاری ہے مگر شاب نگر میں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ ہے جس کے سبب یہاں کے چولہے ٹھنڈے پڑے رہتے ہیں تاہم بیشتر لوگ مجبوراََایل پی جی کا استعمال کررہے ہیں،اس کے علاوہ یہاں پر باؤلے اور آوارہ کتوں کی بہتات ہے ،یہ آوارہ کتے دن رات پورے محلے میں گھومتے پھرتے اور بھونکتے نظر آرہے ہیں جو اہل محلے کیلئے خطرہ بن چکے ہیں ،ضلعی اور تحصیل کونسل اس علاقے کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے جس کے باعث عوامی پریشانیوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ،شہاب نگر کے عوام نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے مسائل اورمشکلات کو دورکرنے اور علاقے کی تعمیروترقی کیلئے فوری اورموثر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔