اسلا م آ با د (آ ئی این پی)مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی وزارت نے سرکاری حج سکیم کے ناکام درخواست گزاروں میں اضافی نو ہزار چھ سو کے حج کوٹے کی تقسیم کیلئے ایک اورقرعہ اندازی کامنصوبہ بنایا ہے ،وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے کہاکہ سعودی حکومت نے پاکستان کو سولہ ہزار کا اضافی کوٹہ دیا ہے جس میں سے ساٹھ فیصد کوٹہ سرکاری حج سکیم کے درخواست گزاروں کو دیا جائے گا جن کو حالیہ قرعہ اندازی میں ناکام قراردیاگیا تھا ۔قرعہ اندازی سعودی حکومت کی طرف سے اضافی کوٹے کا نوٹی فیکیشن موصول ہونے کے بعد کی جائے گی۔اپنی متعلقہ بینک برانچوں سے رقم کی واپسی کے باوجود قرعہ اندازی میں تمام ناکام امیدواروں کو شامل کیاجائے گا۔اس سال دولاکھ سولہ ہزار پانچ سو بیالیس درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے اس ماہ کی گیارہ تاریخ کو ہونے والی قرعہ اندازی میں ایک لاکھ سات ہزار پانچ سو چھبیس امیدواروں کوکامیاب قراردیا گیا ۔ادھر وزارت مذہبی امور نے ان کامیاب حج درخواست گزاروں کو جو کسی وجہ سے حج کیلئے نہیں جانا چاہتے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی جمع کرائی گئی رقم کی واپسی کیلئے متعلقہ بنک کی شاخوں میں درخواست دیں۔وزارت کے نوٹیفکیشن کے مطابق رقم کی واپسی کیلئے فارم ویب سائٹ www.hajjinfo.org سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔کامیاب امیدواروں کے قریبی رشتہ دار سرکاری حج سکیم کے تحت متبادل کے طور پر حج ادا کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ مذہبی امور نے ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کی ہے جس کا نمبر ہے 042-111-725-425 اس سال مجموعی طورپر دو لاکھ پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریںگے۔