سوات (مارننگ پوسٹ )  سوات میں پندرہ ممالک کے سفارت کاروں اور دفاعی اتاشیوں سمیت غیر ملکی صحافیوں نے سوات کا دورہ کیا۔جنتِ نظیر وادئی سوات میں دہشت گردی کے بعد امن کی بحالی اورترقی کرتے تعلیمی سفر کو دیگر دنیا بھر کے غیر ملکی سفارتکار اور دفاعی مندوبینوں نے پاک فوج کے اقدامات کا سراہا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی غیر ملکی وفد کے ہمراہ تھے جنہوں نے آرمی پبلک اسکول میں غیر ملکی وفد اور صحافیوں کو قیامِ امن اور بحالی سمیت تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر جی او سی سوات میجر جنرل خالدسعید اور بریگیڈئر نسیم انور سمیت دیگر فوجی حکام بھی موجود تھے۔ وفد میں سعودی عرب،ایران، فلسطین، چین، جاپان، فرانس، جرمنی، رومانیہ اور سری لنکاسمیت پندرہ ممالک کے انتیس سفارت کاروں اور دفاعی مندوبین شامل تھے۔ چودہ غیر ملکی صحافی بھی وفد کا حصہ تھے۔ سفارتکاروں اورصحافیوں نے آرمی پبلک اسکول کے مختلف شعبوں کامعائنہ کیا۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا، فرانس، جرمنی اور فلسطین کے سفارتکاروں نے کہاکہ چند سال قبل سوات میں حالات خراب تھے، لیکن آج ہم سوات میں ہیں اور خوشی محسوس کررہے ہیں کہ یہاں پر امن قائم ہے۔ یہاں کی لڑکیاں بھی تعلیم حاصل کررہی ہیں جس کا سارا کریڈٹ حکومت اور پاک فوج کو جاتا ہے۔ سری لنکن سفارتکار نوردین محمد شاہی تو ملالہ کے فین نکلے اور انہوں نے تعلیم کے حوالے سے ان کی خدمات کو بھی سراہا۔