سوات(مارننگ پوسٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ500بیڈز پر مشتمل سیدو ہسپتال کو جون سے پہلے کھول دیا جائے گا کیو نکہ اس ہسپتال کی جلد سے جلد تکمیل وزیر اعلیٰ محمود خان کے اولین ترجیحات میں شامل ہے ہسپتال کے قیام سے سوات سمیت پورے ملاکنڈڈویژن میں لوگوں کی علاج معالجے کی مشکلات دور ہوں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدوشریف سوات میں ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وزیر صحت نے نئے تعمیر ہونے والے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ہسپتال کے چیف ایگزیگیٹو پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے متعلق رپورٹ کو تیار کرکے اگلے ہفتے پشاور میں ہونے والے اہم اجلاس میں پیش کرے تاکہ ہسپتال کے لئے آلات اور مشینری کی خریداری سمیت تمام انتظامات مکمل کرکے ہسپتال کو جلد فعال کیا جائے اس موقع پر چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان،ایم ایس ڈاکٹر ملک سعد اللہ خان اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد خان بھی موجود تھے ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت علاج معالجے میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور عوام کے صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا صحت مند معاشرہ ہی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں