سوات (مارننگ پوسٹ) سوات کے سیاحتی علاقہ مدین میں ”ٹورسٹ انٹری فیس“ کے نام پر ٹھیکیدار اور ان کے ڈنڈا بردار کارندے سیاحوں اور عام لوگوں کو تنگ کرنے لگے۔رمضان سے پہلے آخری جمعہ کو سوات کے مقامی لوگ اور سیاح بڑی تعداد میں بحرین اور کالام جارہے تھے اور کچھ لوگ رمضان المبارک کا مہینہ بحرین اور کالام میں گزارنے کے لئے اہل خانہ کے ساتھ جارہے تھے کہ سور پل مدین پر ٹھیکیدار کے کارندوں نے سیاحوں اور مقامی لوگوں سے ہاتھا پائی کی اور گالیاں دیں۔ ٹی ایم اے بحرین نے ”ٹورسٹ انٹری فیس“ کے نام پر ایک ٹھیکدار کو ٹھیکہ دیا ہے جس میں وہ گاڑیوں سے 25،30اور70روپے وصول کرتا ہے۔ ٹھیکہ کی شرائط میں یہ شرط شامل ہے کہ سوات کے رہائشی اس ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ لیکن اس کے باوجود بھی وہ مقامی لوگوں سے زبردستی ٹیکس وصول کرتے ہیں اور جب مقامی لوگ ٹیکس نہیں دیتے تو ٹھیکیدار کے کارندے لوگوں پر ڈنڈوں سے حملہ کرتے ہیں اور لوگوں کی بے عزتی کرتے ہیں۔ مقامی لوگوں پر حملہ کے بعد تحصیل ناظم حبیب اللہ ثاقب نے ٹی او آر کو انکوائری کا حکم دے دیا۔
سیاحتی علاقہ مدین میں ”ٹورسٹ انٹری فیس“ کے نام پر لوٹ مار سے سیاح اور عام لوگ سخت مشکلات سے دو چار
