سوات (مارننگ پوسٹ) سوات میں غالیگے پولیس نے مولویوں کو جُل دے کر سونا اور نقدی اڑانے والے گروہ کے 2 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان مولویوں کو جعلی بت گروی رکھ کر ان سے نقدی اور سونا لے کر رفوچکر ہوئے تھے۔ گروہ نے درجنوں مولویوں اور دیگر سادہ لوح افراد کو دھوکہ دے کر لوٹا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک بت بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی بریکوٹ سرکل بادشاہ حضرت خان نے بتایا کہ عوامی شکایات پر پولیس نے ٹیمیں تشکیل دے کر گروہ کے دو ارکان اعجاز ولد قمر محمد سکنہ مردان اور محمد علی ولد ہمیش گل سکنہ صوابی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک بت بھی برآمد کرلیا ہے جو ایک شخص کو دے کر لوٹنے کی کوشش کررہے تھے۔ گروہ کے زیر استعمال موٹر کار کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان جعلی بت بنا کر مولویوں اور دیگر سادہ لوح افراد کے پاس جاکر پیسوں کی کمی کا بہانہ بناتے اور بت کو گروی رکھ کر سونا اور نقدی سمیٹ کر لوٹتے تھے۔ اب تک گروہ کے ارکان درجنوں افراد کو لوٹ چکے ہیں جن کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
سوات غالیگے پولیس کی کامیاب کارروائی مولویوں سے سونا اور نقدی اڑانے والے گروہ کے 2 ارکان گرفتار
