سوات (مارننگ پوسٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان کی خصوصی دلچسپی سے سوات کے سیدو شریف ائرپورٹ سے نجی کمپنی پروازیں شروع کرنے کے لئے تیار ہوگئی۔ چند روز میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔  زرائع کے مطابق سوات کے سیدو شریف ائیرپورٹ کو اکتوبر 2019ء میں پر وازوں کے لیے کھولنے کے اعلان کے بعد ایک پرائیویٹ کمپنی کے ٹو نے حکومت اور سول ایوی ایشن سے رابطہ کرکے فوری طور پر سیدو ائیرپورٹ سے سروس شروع کرنے کی حامی بھری ہے۔اس سلسلے میں نجی فضائی کمپنی ”کے ٹو“ کے حکام اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان سروس شروع کرنے کے لیے معاہدہ کیا جائے گا۔ کے ٹو حکام،سول ایوی ایشن اور حکومتی نمائندے جلد ہی سوات کا دورہ کرکے سیدو ائیرپورٹ کا معائنہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ا ئرپورٹ سے ڈومیسٹک پروازوں کو شروع کیا جائے گا جس سے یہاں کی سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔