ٹورازم کارپوریشن خیبر پختوخوا نے سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پا ڈ ز لگانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے جو عید سے پہلے لگائے جائینگے۔کیمپنگ پاڈز سوات کے علاقے گبین جبہ،چترال کے گولن گول،مانسہرہ کے علاقے بیاڑی،سوات کے اناکڑ اور کوہستان کے علاقے الائی میں لگائے جائینگے۔یہ فیصلہ سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری سیاحت کامران رحمان،ایم ڈی ٹورازم جنید خان سمیت دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔سینئر وزیر نے تمام کیمپنگ پاڈز عید سے پہلے پہلے لگانے کے احکامات جاری کئے۔سینئر وزیر نے تمام سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کے بھی احکامات جاری کئے ۔ اجلاس میں ٹورازم پولیس کی تعیناتی سمیت سیاحتی مقامات پر بس سروس کے حوالے سے بھی تفصیلی غور ہوا۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے مختلف فیسٹیول کا اہتمام کیا جائے گا۔سینئر وزیر نے سیاحتی مقامات پر صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاحتی مقامات پر صفائی کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔صفائی یقینی بنانے کے لئے آگاہی مہم سمیت جرمانوں کا بھی سہارا لیا جائے گا۔