سوات(مارننگ پوسٹ)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود کی خصوصی ہدایات کے تحت تمام اضلاع میں بازاروں و چوراہوں بالخصوص شاہراہوں کے اطراف میں تجاوزات اور غیر قانونی بل بورڈز اور سائن بورڈز کو ہٹانے کا کام تیز کر دیا گیا ہے اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ مواصلات اور بلدیاتی اداروں کو پوری طرح فعال بنا دیا گیا ہے جن کے اہلکار دن کے علاؤہ رات کو بھی اپنے کام میں مصروف عمل رہتے ہیں جبکہ متعلقہ ضلعی اور ڈویژنل حکام کو پراگریس رپورٹس بھی بھیجی جارہی ہیں درایں اثناء کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تجاوزات کے خلاف مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکام پر واضح کیا ہے کہ ماحولیاتی خوبصورتی کی بحالی پر مبنی یہ مہم آئندہ بھی پورے زور و شور اور بلا روک ٹوک جاری رہنی چاہئے کیونکہ یہ مسائل ٹریفک کی آمد و رفت اور آبی گذرگاہوں کی روانی میں رکاوٹوں کے علاؤہ علاقے کی خوبصورتی کو بھی داغدار بنانے کا باعث بن رہے ہیں حالانکہ ملاکنڈ ڈویژن اسی خوبصورتی کے باعث پورے خطے اور دنیا بھر میں مقبول ہے ریاض خان محسود نے تجاوزات کے سلسلے میں واپڈا اور پی ٹی سی ایل سمیت بعض وفاقی محکموں کے عدم تعاون کا نوٹس لیتے ہوئے اس مقصد کیلئے متعلقہ حکام کو مرکزی حکومت سے باضابطہ رجوع کی ہدایت بھی کی انہوں نے اس بات پر بطور خاص افسوس کا اظہار کیا کہ ان محکموں کے پول شاہراہوں، بازاروں اور آبی راستوں کے درمیان ایستادہ ہوتے ہیں مگر مقامی انتظامیہ کے بار بار نوٹس کے باوجود انہیں ہٹانے کی کوئی کوشش نہیں کی جاتی انہوں نے یقین دلایا کہ اس ضمن میں مقامی انتظامیہ اور عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور مذکورہ دونوں محکموں کو سٹیٹ انکروچر اور تجاوزات مافیا کا حصہ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔