سوات (مارننگ پوسٹ)  مینگورہ شہر کی صفائی اور شہریوں کو پانی سپلائی کرنے والی کمپنی ”واسا“ مینگورہ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا کر اپنے لئے مہنگی گاڑی خریدلی۔ واسا مینگورہ کے سی ای او کے لئے صوبائی حکومت نے ٹویٹا ایکس ایل آئی اور باقی منیجروں کے لئے سوزوکی کلٹس گاڑیاں خریدنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد واسا کے منیجروں کے لئے سوزوکی کلٹس گاڑیاں خریدی گئیں، لیکن سی ای او نے قانو ن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے لئے ہنڈا سوک کی پر تعش گاڑی خرید کر خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اس سلسلے میں واسا مینگورہ کے سی ای او شیدا محمد کا مؤقف جاننے کے لئے ان سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے ہنڈا سوک گاڑی خریدنے کی تصدیق کردی اور کہا کہ واسامینگورہ کے ریکروٹمنٹ کمیٹی کے بورڈ نے ان کے لئے ہنڈا سوک گاڑی خریدنے کی اجازت دی تھی۔ گاڑیوں کی قیمت جاننے کے لئے اوریکس لیزنگ کمپنی سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹویٹا ایکس ایل آئی کی قیمت 23 لاکھ34 ہزار روپے ہے،  جب کہ ہنڈا سوک کی قیمت 34 لاکھ 47 ہزار روپیہ ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ای او کی گاڑی سرکاری استعمال سے کئی زیادہ استعمال ہورہی ہے۔گاڑی کو ان کے اہل خانہ اور دوست احباب بھی استعمال کرتے ہیں۔