سوات(مارننگ پوسٹ)سوات میں خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے دوران رات گئے کاروائیاں شروع کر دیں اور عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر شہریوں کو ملاوٹ و حرام اجزاء سے پاک بیکری اور مٹھائی کی فراہمی پر فوکس کیا ہے گزشتہ شب دو بیکریوں کو انتہائی ناقص حالت پر سر بمہر کردیا گیا فوڈ اتھارٹی کی رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی آپریشن میں رات گئے کاروائی کرتے ہوئے ان بیکریوں سے بھاری مقدار میں خراب انڈے برآمد ہوئے جنہیں ضائع کرکے بیکریوں کو تاحکم ثانی سر بمہر کردیا گیا رمضان کے اس آخری عشرہ کے آپریشن میں اب تک فوڈ اتھارٹی کی ٹیم تیس سے زائد بیکریوں کا معائنہ کرکے وہاں اشیاء کا معیار بہتر کر چکی اتھارٹی نے عید پر لوگوں کو صاف اور محفوظ مٹھائی اور بیکری کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں آپریشن میں کئی بیکریوں کو ناقص اور صفائی کی ابتر حالات پر بھاری جرمانے عائد کرکے آئندہ کیلئے سخت تنبیہہ جاری کی جا چکی ہے اس کے علاوہ رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی آپریشن میں بیالیس ہزار لیٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کرتے ہوئے ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے اس سلسلے میں باقاعدہ سوات کے انٹری چیک پوسٹس پر غذائی مواد لانے والے گاڑیوں کا معائنہ کیا تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ سوات میں باہر سے غیر معیاری خوراک داخل نہ ہونے پائے یا ایسی ناقص اور مضر صحت اشیاء کا بروقت سدباب کیا جا سکے اسی طرح رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی آپریشن میں تیس سے زائد ہوٹلوں کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں حفظان صحت کی ناقص صورتحال پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے جبکہ آپریشن میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ اکثر اوقات ہوٹلوں میں غیر معیاری خوراک فراہم کی جاتی رہی ہے اتھارٹی کے ریجنل ڈائریکٹر محمد اسد قاسم نے اس ضمن میں واضح کیا ہے کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم رمضان المبارک میں چوبیس گھنٹے فعال ہے تاکہ بھرپور طریقے سے لوگوں کو صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بناسکے جبکہ عیدالفطر کے دوران بھی ہماری ٹیمیں بدستور اپنی شبانہ روز کوششیں جاری رکھیں گی۔