سوات(مارننگ پوسٹ)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے سوات ایکسپریس وے کی بندش سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سوات موٹر وے اوپن ہے اور سیاح دن رات کسی بھی وقت اس شاہراہ پر سفر کر سکتے ہیں انہوں نے اس ضمن میں اپنے ٹوئٹ میں مزید واضح کیا کہ سوات موٹر وے وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایت پر عیدالفطر سے دو روز قبل کھول دی گئی ہے تاکہ عام لوگوں بالخصوص سیاحوں کو عید کے موقع پر ملاکنڈ ڈویژن کے کسی بھی مقام تک آمد و رفت میں آسانی ہو کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے یہ بھی واضح کیا کہ موٹر وے کو عارضی طور پر کھولنے کا اعلان اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ اس پر مسافر گاڑیوں کو گذرنے کی سہولت میسر ہو اور ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہونے پائے جبکہ فی الحال بھاری مال بردار گاڑیوں کو اس شاہراہ سے گزرنے کی اجازت نہیں اسلئے سوات ایکسپریس وے پر مسافر گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہے اور لوگ بالخصوص سیاح ملاکنڈ ڈویژن کے تمام علاقوں تک فوری رسائی کیلئے اس شاہراہ کو بآسانی استعمال کر سکتے ہیں جبکہ ایف ڈبلیو او کا مستعد عملہ بھی شروع دن سے ٹنل کے علاؤہ مختلف مقامات پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے فرائض چکا ہے اس کے علاؤہ ایکسپریس وے پر مناسب مقامات پر پٹرول پمپس، سروس سٹیشن، ٹک شاپ اور زنانہ و مردانہ واش رومز کی سہولیات بھی میسر ہیں جبکہ ایف ڈبلیو او کے سیکورٹی اور دیگر عملے سے ٹورازم روٹس اور مقامات سے متعلق رہنمائی بھی حاصل کی جا سکتی ہے جنہیں اس مقصد کیلئے خصوصی تربیت اور ہدایات دی گئی ہیں ریاض خان محسود نے مزید واضح کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام سیاحتی مقامات پر ٹورازم پولیس، ریسکیو ٹیمیں، انفارمیشن سینٹر اور دیگر اداروں کی خدمات بھی سیاحوں کی رہنمائی اور سہولت کیلئے چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں جو سیزن کے آخر تک موجود رہیں گی۔
سوات موٹر وے دن رات سیاحوں اور عام ٹریفک کے لئے کھلا ہے،بندش کی افواہیں غلط ہے ،ریاض خان محسود
