سوات(مارننگ پوسٹ) گذشتہ روز یونیورسٹی آف سوات کے سینیٹ ممبرشپ کے لئے اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرر کا انتخاب بذریعہ الیکشن منعقد کیا گیا۔ انتخابات میں اسسٹنٹ پروفیسر کی سیٹ پر انتخاب کیلئے چار اور لیکچرر کی سیٹ کیلئے دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ اسسٹنٹ پروفیسر کے انتخابات میں ڈاکٹر شاہد علی کامیاب قرار پائے جبکہ لیکچرر ز میں مس لالا رُخ نے کامیابی حاصل کی۔ ڈاکٹر شاہد علی نے 15ووٹ حاصل کئے جبکہ اُن کے مقابلے میں دیگر امیدواران میں سے ڈاکٹر حیدر علی نے 7، ڈاکٹر فاروق نواز نے 7 اور ڈاکٹر محمد عمر نے 6 ووٹ حاصل کئے۔ مس لالا رُخ نے 19 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ اُن کے مقابلے میں لیکچرر عمر علی نے 13ووٹ حاصل کئے۔ سینیٹ کیلئے ان ممبران کا انتخاب تین سال کیلئے ہوا ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر اور رجسٹرار نے دونوں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ دونوں یونیورسٹی کے قابل اساتذہ ہیں اور امید ہے کہ وہ یونیورسٹی کے سینیٹ میں اپنا مثبت کردار ادا کرینگے۔ اس موقع پر کامیاب ہونے والے امیدواروں نے اپنے تمام ساتھی اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے انتخاب کو درست ثابت کرینگے اور یونیورسٹی آف سوات کے سینیٹ میں بطور ممبر اپنا مثبت کردار ادا کرینگے۔
یونیورسٹی آف سوات کے سینیٹ ممبرشپ کے لئے اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرر کا انتخاب بذریعہ الیکشن منعقد
