سوات(مارننگ پوسٹ)سوات سمیت ڈویژ ن کے دیگر اضلاع میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدارمیں اسلحہ اورمنشیات برآمد کرکے ملزموں سمیت متعددمفروراورمشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا،مقدمات درج کرکے تفتیش بھی شروع کردی گئی،اس حوالے سے پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ملاکنڈڈویژن میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 79عددمفرور،ایک ہزاردس مشتبہ افرادکو گرفتار کرلیا جبکہ بیس عدد ایس ایم جی،گیارہ عدد رائفل،بیاسی عددشارٹ گن،درجنوں پستول،ہزاروں کی تعدادمیں کارتوس،پچپن چارجر،چار عددڈیٹونیٹر،آٹھ عدد خنجر،ساٹھ عدد سنیپر،بھاری مقدارمیں چرس،افیون،ہیروئن اورشراب برآمد کرکے ملزموں کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں،دریں اثناء ڈی آئی جی ملاکنڈڈویژن محمدسعید خان وزیرنے کہاہے کہ ڈویژن بھر میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف مہم تیزی کیساتھ جاری ہے جس کے دوران پولیس کو بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں،تمام پولیس آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں سے سماج دشمن عناصرکا مکمل صفایا کریں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رورعایت،دباؤ اوریا سفارش قبول نہ کی جائے، انہوں نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن ایک پرامن علاقہ ہے جہاں پر کسی قسم کا غیر قانونی کام برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی سماج دشمن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت ہوگی،انہوں نے کہاکہ ڈویژن کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے ایس ایچ اوز کوہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کو سماج دشمن عناصراور منشیات فروشوں سے مکمل پاک کرنے کیلئے تما م تر دستیاب وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں،انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو پولیس سے بھی کوئی شکایت ہو تو وہ ہمیں آگاہ کرے ان کی مکمل دادرسی کی جائے گی۔