نامہ نگار(مارننگ پوسٹ)بابوزئی اور مٹہ کے بعد سوات کی باقی پانچ تحصیلوں میں بھی ریسکیو 1122 کے آپریشنل سٹیشن قائم کئے جارہے ہیں جو نئے مالی سال میں مکمل ہو کر عملی طور پر خدمات انجام دینا شروع کر دیں گے ریسکیو ٹیموں نے عیدالفطر پر بھی عوام اور سیاحوں کی دن رات خدمت کی اور انہیں ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کے علاؤہ کئی قیمتی انسانی جانیں بھی بچائیں یہ ادارہ پاک فوج کی طرز پر ہر قسم کی ایمرجنسی نمٹانے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے ان خیالات کا اظہار ریسکیو 1122 سوات کے ضلعی ایمر جنسی آفیسر محمد عمران خان یوسفزئی نے پختونخوا ریڈیو کے پروگرام ”رنگونہ د سوات” میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا عمران خان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیموں نے رمضان المبارک اور عیدالفطر کے دوران ایمرجنسی بنیادوں پر ڈیوٹیاں دی ہیں اور ایمرجنسی کی صورت میں بروقت عوام کی مدد کیلئے پہنچ کر ہر قسم کے حالات کو کنٹرول کیا ہے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی میں کم سے کم نقصان ہو بالخصوص انسانی جانیں بالکل ضائع نہ ہوں جس میں ہم کافی حد تک کامیاب بھی ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے مستعد اور فرض شناس نوجوانوں نے عیدالفطر کے تین دن بھی اپنے گھروں اور اہل خاندان سے دور رہ کر عوام کی خدمت کیلئے ایمرجنسی بنیادوں پر فرائض سرانجام دیئے جس میں ایک ڈراوئننگ یعنی دریائے سوات میں ڈوبنے کی ایمرجنسی بھی شامل تھی کالام میں ایک جوان لڑکی دریا میں پھسل کر گر گئی تھی اور ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو سٹاف اور غوطہ خوروں نے کالام پہنچ کر متاثرین کو کورکیا تھا انہوں نے کہا کہ امسال ہم نے ڈیوٹی کے دوران سیاحوں کو دریا کے پانی میں نہ جانے اور کناروں سے خاص فاصلے پر رہنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا جس میں دریا کے کنارے جانے سے منع کیا گیا تھا اسی طرح سیاحتی علاقوں کی سڑکوں پر سپیڈ کے حوالے سے محتاط رہنے کا پابند کیا تھا یہی وجہ تھی کہ دریا میں ڈوبنے کا صرف ایک کیس سامنے آیا ورنہ پچھلے سالوں میں اس قسم کی ایمرجنسیز بالعموم ایک درجن سے بھی زیادہ آتی تھیں میزبان عصمت اخون کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عید کے علاؤہ رمضان المبارک میں بھی 300 تک ایمرجنسیز کو نمٹایا گیا جن میں 226 حادثات میں متاثرین کو ہم نے ہسپتال پہنچایا اور باقی کو فرسٹ ایڈ کے بعد فارغ کردیا تھا ان میں 37 روڈ ایکسیڈنٹ 21 فائر ایمرجنسییز اور 203 میڈیکل ایمرجنسیز شامل ہیں جو سحری اور افطاری کے اوقات میں آئی تھیں اور ہمارا سٹاف ان سے نمٹنے کیلئے بروقت پہنچ جاتا تھا انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ والنٹیئر بھی کام کرتے ہیں اس کے ساتھ ہم سوات کے اسکولوں اور کالجز میں ٹریننگ سیشن بھی کراتے ہیں ہماری ایمبولینس سروسز 24 گھنٹے مہیا کی جاتی ہیں اسی طرح اگر 1122 کے ٹریننگز سے کوئی نوجوان استفادہ کرنا چاہتا ہو تو وہ ہم سے رابطہ کرکے ٹریننگ حاصل کرسکتے ہیں ایک دوسرے سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیموں کے غوطہ خوروں کو سخت مراحل سے گزار کر خصوصی تربیت دی جاتی ہے جو ساحل سمندر کے کھڑے کھارے پانیوں سے لیکر دریا کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے زورآور یخ بستہ پانی میں بھی کام کرنے اور لوگوں کی مدد کرنے کی صلاحیت اور سہولیات سے لیس ہوتے ہیں پورے سوات میں ریسکیو خدمات کو توسیع دینے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بابوزئی اور مٹہ کی تحصیلوں میں آخری حدوں تک ایمرجنسی خدمات پوری فعالیت سے جاری ہیں جبکہ باقی پانچ تحصیلوں میں ریسکیو سٹیشنوں پر کام جاری ہے اور انہیں نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصّہ بنا کر اگلے سال انکی تکمیل بھی یقینی بنا دی جائے گی جس کے بعد اس کا دائرہ کار پورے ضلع سوات میں بڑھا دیا جائے گا۔