سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے امانکوٹ روڈ اور وہاں سے مینگورہ پرانے جنرل بس اسٹینڈ تک شاہراہ کی تعمیر نو پر محکمہ این ایچ اے کے تعاون سے گزشتہ رات سے کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ منصوبہ کے تحت بارشی پانی کے بہاؤ کا رخ بھی امانکوٹ سے پرانے اڈے کے قریب سیدھا مینگورہ خوڑ کی جانب موڑ دیا جائے گا واضح رہے کہ شاہراہ کے اس مقام پر کلورٹ ہمیشہ بارش کے دوران بند رہتا ہے اور سارا سیلابی پانی شاہراہ کے سامنے رہائشی محلوں اور وہاں سے گھروں میں داخل ہوجاتا ہے اس دیرینہ مسئلہ کا نئی سکیم کی بدولت مستقل ازالہ ہو جائے گا اور ٹریفک کی آمد و رفت میں آسانی کے علاؤہ اہل علاقہ کو سیلابی پانی گھروں میں داخل ہونے کے عذاب سے نجات مل جائے گی اس ضمن میں ڈیڈیک آفس سیدوشریف میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں محکمہ این ایچ اے کے انچارج انجینئر ایمل خان، پراجیکٹ منیجر، اے سی بابوزئی عامرعلی شاہ،محمد اقبال کاکاجی، نثارخان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی فضل حکیم خان نے واضح کیا کہ مینگورہ پرانے اڈہ پل سے لیکر ڈائیواڈہ تک شاہراہ کے دونوں اطراف میں نالوں اور نکاس سسٹم کو درست کرنے کے بعد سڑک کی تعمیر اور تارکول بچھانے کا عمل شروع ہوگا نالوں اور ڈریینیج سسٹم کی تعمیر پر باقاعدہ طور اسی شام سے کام شروع ہو جائے گا اور اگست تک کام مکمل کرلیا جائے گا اس منصوبے سے سب سے زیادہ ریلیف پرانے اڈے کے سامنے محلے کے لوگوں کو ملے گا انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر سرانجام دیتے ہیں ہم پوری تندہی کے ساتھ تعلیم و صحت، مواصلات اور پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہیں عوام کی خدمت کرنے میں جو سکون ملتا ہے وہ کسی اور چیز میں نہیں ہم عوام کو ان کے تمام حقوق دلا کر ہی دم لیں گے انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے کرپٹ ٹولے اپنا دور حکمرانی گزار چکے ہیں اب انہیں کرپشن کی پاداش میں گرفتاریوں کے خلاف احتجاج سے کچھ نہیں ملے گا انہیں پاکستان کی ترقی اور عوامی خدمت میں کوئی دلچسپی نہیں حقیقت یہ ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا اور صنعتیں ترقی نہ کر سکیں لیکن اب کاروباری ترقی کی راہیں کھلیں گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران کی قیادت میں ملک صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور قوم کو درپیش مشکلات بھی عارضی ثابت ہوں گی۔
امانکوٹ روڈ سے مینگورہ پرانے جنرل بس اسٹینڈ تک اہم منصوبہ شروع
