سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے کانجو ٹاؤن میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد جمال خان کو صوبائی حکومت کی جانب سے طلبہ وطالبات کی ٹرانسپورٹ سہولت کیلئے ایک ہائی ایس اور دو بسوں کی چابیاں حوالہ کیں انہوں نے جلد ہی مزید چار بسیں حوالہ کرنے کا یقین بھی دلایا اس موقع پر رجسٹرار یونیورسٹی آف سوات محبوب الرحمن، مختلف شعبوں کے سربراہان، پروفیسرز، تحصیل کونسلر اختر خان اور دیگر زعماء بھی موجود تھے فضل حکیم خان نے کہا کہ سوات یونیورسٹی کیلئے مزید بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے جس میں نوتعمیر شدہ کیمپس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور کئی دیگر سہولیات شامل ہیں انہوں نے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ چارباغ میں یونیورسٹی آف سوات کے نئے کیمپس پر تعمیراتی کام کا دورہ اور معائنہ بار بار کیا کریں تاکہ مستقبل میں طالب علموں کو جدید تعلیم و تحقیق اور دیگر سہولیات کی مد میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی محمود خان سوات میں اعلیٰ تعلیم کو عام کرنے کیلئے سوات ویمن یونیورسٹی، ڈینٹل کالج اور ایگری کلچرل یونیورسٹی سمیت نئی جامعات اور کالجز کی بنیاد رکھنے کیلئے کوشاں ہیں باالخصوص خواتین کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات چادر اور چاردیواری کے اندر دستیاب ہوسکیں گی اور وہ پورے اعتماد کے ساتھ تعلیمی مدارج طے کرکے ملک وقوم کی خدمت کے قابل بن سکیں گی واضح رہے کہ چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے وزیر اعلیٰ سے چند دن قبل پشاور میں ملاقات کی تھی جس میں تعلیمی انقلاب برپا کرنے کیلئے اہم تجاویز و سفارشات اور اقدامات اٹھانے کا جائزہ لیا گیا اور بعض ضروری فیصلے کئے۔