سوات (مارننگ پوسٹ)  سیدو شریف کے علاقہ فیض آبادکے رہائشی 3 کمسن بھائی مدرسہ جاتے ہوئے پراسرار طور پر لاپتا ہوگئے۔ ماں کی حالت غیر ہوگئی۔ باپ نے شدت غم سے زہریلی دواکھالی۔ پولیس ذرائع کے مطابق فیض آباد کے رہائشی تین بھائی بارہ سالہ انعام اللہ،نو سالہ انوراللہ اور سات سالہ ذاکراللہ 10 روز قبل گھر سے نکل کر مدرسہ جاتے ہوئے پراسرار طور پر لاپتا ہوگئے ہیں۔ تلاشِ بیسیار کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں لگ سکا ہے۔ اس حوالے سے سیدوشریف پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرلی گئی ہے۔ بچوں کی گمشدگی پر ماں پر غشی کے دورے پڑرہے ہیں۔ والد گل زادہ نے زہریلی دواکھا کر خودکشی کی کوشش کی، جس پر اسے سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔