سوات(مارننگ پوسٹ) سیدو میڈیکل کالج سوات کے زیر اہتمام امراض اطفال اور جذام کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی لائیو ورکشاپ کا افتتاح ہوا جس میں اندرون اور بیرون ملک سے ماہر ڈاکٹر شریک ہیں اور بچوں اور جذام کے امراض کا مفت علاج کرینگے نیزان کے مفت آپریشن اور ادویات کا انتظام بھی ہوگا اس موقع پر سیدو گروپ ہسپتال میں چلڈرن سرجیکل وارڈ کا افتتاح بھی کیا گیا سیدو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اسرارالحق نے ورکشاپ اور چلڈرن وارڈ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدو میڈیکل کالج اور سیدو گروپ ہسپتال طب و علاج کے تمام شعبوں میں مسلسل کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں جس کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت کو جاتا ہے موجودہ حکومت نے صحت و علاج کے تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے ہیں اور اس کے مثبت اثرات ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سوات تک بھی پہنچنا شروع ہو چکے ہیں پروفیسر ڈاکٹر عنایت الرحمٰن، پروفیسر ڈاکٹر افتخار جان اور اندورن وبیرون ملک سے آئے سپیشلسٹ ڈاکٹروں نے بھی سیدو میڈیکل کالج اور سیدو گروپ ہسپتال کی طبی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی انتظامیہ کو مستقبل میں بھی اپنے بھرپور تعاؤن کا یقین دلایا۔